شکار پور میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،عمرریاض عباسی

ہفتہ 31 جنوری 2015 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی،ڈویژنل ڈپٹی آرگنائزرملک افضل ،میڈیا کوآرڈنیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت کے مطابق عوامی تحریک نے مجلس وحدت المسلمین کی طرف سے سانحہ شکار پور کے سوگ کے اعلان کی مکمل حمایت کی ۔

عوامی تحریک مجلس وحدت المسلمین کے غم میں برابرکی شریک ہے ۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنان سے مل کر تعزیت کی اور کہا کہ شکار پور میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کا وجود نہیں ہے،امن کی مسلسل دھجیاں بکھر رہی ہیں،سانحہ شکارپور قوم کے سینے پر ایک اورزخم لگا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اب سانحستان بن چکا ہے۔دہشت گردانہ کارروائیوں کا تسلسل ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ہے،جبکہ حکمران ان تمام مسائل سے ناآشنا فقط اپنے اقتدار کو بچانے اور اپنی کرسی پکی کرنے کے چکر میں پوری قوم کو اذیت مین مبتلا کئے ہوئے ہیں ۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گرد ی عروج پر ہے اور اسکے خاتمے کیلئے حکومت کی کوئی پالیسی واضح نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی ملک بھر کی ضلعی تنظیمیں ہڑتال اور سوگ میں شامل رہیں ۔