اسلام و پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتی ہیں ،ملکی یکجہتی کونسل

ہفتہ 31 جنوری 2015 16:48

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ،علامہ ساجد علی نقوی ،لیاقت بلوچ ،علامہ امین شہیدی ،پروفیسر ساجد میر،سید محفوظ شاہ مشہدی ،پروفیسر حافظ سعید احمد،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر،صاحبزادہ سلطان احمد علی ،پیر عبدالرحیم نقشبندی،پیر عبدالشکورنقشبندی،ثاقب اکبرنے شکار پور خود کش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی گھناوٴنی سازشیں کررہی ہیں آپریشن ضرب عضب نے دھشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے جس سے بوکھلا کردھشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر خود کش دھماکوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے ذریعہ معصوم بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے یہ حکومتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے داعش کے وجودسے انکار کرنے والے وزیر داخلہ قوم کو جواب دیں ملک بھر سے پکڑے جانے والے داعش کے سرکردہ رہنما کہاں سے آئے اور وہ پاکستان میں کن مقاصد کیلئے داعش جیسی دھشت گرد تنظیم کا نیٹ ورک پھیلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تواتر کے ساتھ ہونے والے دھشت گردی کے واقعات حکمرانوں اور سیکورٹی اداروں کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پرمستعفی ہو جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ دھشت گردی کے بڑھتے ہوئے قدم روکنے کیلئے حکمرانوں کے پاس کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں یہی وجہ ہے کہ دھشت گرد بآسانی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کر کے ملک و ملت کو جانی و مالی نقصانات سے دوچار کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کو خود سبوتاژ کیاقوم نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں مگر افسوس حکمراں قومی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ہیں انہوں نے شکار پور سانحہ میں جانبحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ کرنے والے شیطان صفت دھشت گرد مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں حکومت ان دھشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرکے اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ۔