امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت نہ دینا حکومت کا دانشمندانہ قدم ہے، الطاف شکور

ہفتہ 31 جنوری 2015 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت نہ حکومت کا دانشمندانہ اقدام ہے۔ جنوبی ایشیاء میں غیر مساویانہ پالیسیاں امریکہ کو خطے میں تنہا کردیں گی، چین کی بڑھتی ہوئی اقتصادی ترقی کے رد عمل میں امریکہ غلط اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ چین کا مقابلہ بھارت کے ذریعے کرنے کی کوشش پوری دنیا کو غیر مستحکم کردے گی ۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو خطے میں ایک ملک پر انحصار کرنے سے نقصان ہوگا۔ماضی میں بھارت نے افغانستان میں شکست کھانے کے بعد روس کو سیاسی طور پر تنہا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد رشین فیڈریشن کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔

(جاری ہے)

پاسبان نے امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورہ بھارت کے ردعمل میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک خوددارانہ اور باوقار رویہ اپنانے اور اوبامہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت نہ دینے پر اطمینان اور فخر کا اظہار کیا ہے ۔

پاسبان کے صدر کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب امریکی معشیت زوال پذیر ہے ،امریکی ڈالر دنیا کے بازاروں میں اپنی قدر کھورہا ہے اور امریکی سفارت کاروں کو جاسوس سمجھا جارہا ہے صرف بھارت ہی امریکی چاپلوسی کی ہمت کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی براعظم کے کسی بھی ملک میں امریکی حکومت پر اعتبار نہیں کیا جاتا ہے۔ الطاف شکور نے امریکی حکومت کو مشورہ دیا کہ اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے اور دنیا میں حقیقی امن اور خوش حالی قائم کرنے کے لئے ایشیاء اور افریقہ کے مسلم ممالک کے ساتھ نئے رشتے استوار کرے

متعلقہ عنوان :