لندن میں برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے آج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اورڈیوڈ کیمرون کی ملاقات کے موقع پر کشمیریوں نے جواحتجاجی مظاہرہ کرنا تھا ۔کشمیریوں کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھارتی وزیر اعظم نے اپنا دورہ برطانیہ اوریہ ملاقات منسوخ کردی ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 31 جنوری 2015 17:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ لندن میں برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے آج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اورڈیوڈ کیمرون کی ملاقات کے موقع پر کشمیریوں نے جواحتجاجی مظاہرہ کرنا تھا ۔

کشمیریوں کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھارتی وزیر اعظم نے اپنا دورہ برطانیہ اوریہ ملاقات منسوخ کردی ہے تاہم میں نریندر مودی کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ جب بھی لندن آئیں گے تو کشمیری پہلے سے بھی بڑھ چڑھ کرمودی کی آمد پراحتجاجی مظاہرہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔کیونکہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔

(جاری ہے)

کشمیریوں نے ملین مارچ کا تسلسل یقینی بنا رکھا ہے اور کشمیریوں کی یہ جدوجہد مودی کو ملزموں کے کٹہرے میں کھڑا کیے بغیر ختم نہیں ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر لاہور روانگی سے قبل ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی کی یہ کوشش کہ ایک طرف تو مقبوضہ کشمیر گورنر راج نافذ کردیا ہے اور دوسرا وہاں پر فراڈ اور جعلی انتخابات کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق سلب کرنا چاہتا ہے ہم کشمیری مودی کی اس کوشش کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔

جبکہ مودی عالمی برادری کے سامنے بھارت کا امیج بڑھانے کے لئے دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کرہا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور ایک سیکولر اسٹیٹ ہے تاکہ وہ بین الاقوامی دنیا میں مقام حاصل کرسکے اور اس سلسلے میں مودی بھارت کی اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی مستقل نشست کے لئے دنیا میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔تاہم انکو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ کبھی بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل نشست حاصل نہیں کر سکیں گے کیونکہ ایک طرف تو وہ سیکورٹی کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنا چاہتا ہے اور دوسری طرف اسی ادارے کی کشمیر پر قراردادوں سے انحراف کررہا ہے۔

بلکہ وہ دوہرے معیار اور منافقت پر گامزن ہے۔ دنیا یہ سارا معاملہ اب سمجھ چکی ہے اور بھارت اب اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں پہلے کی طرح اب بھی مودی کے عزائم کو بے نقاب کرونگا اور کسی صورت بھی مودی کو اسکے عزائم کی تکمیل میں کامیاب نہیں ہو نے دونگا۔

متعلقہ عنوان :