شان رسالت کے خلاف کسی قسم کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

ہفتہ 31 جنوری 2015 17:05

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء )عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالت کانفرنس منعقد ہوئی ۔کانفرنس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی ،مولانا محبوب الحسن طاہر،مولانا عمرحیات ،مولانا عبدالنعیم ودیگر علماء شرکت کی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عزیزالرحمن ثانی نے کہا کہ شان رسالت کیخلاف کسی قسم کی توہین برداشت نہیں کریں گے، فرانس کے جریدے چارلی ہیبڈو نے دوبارہ گستاخانہ خاکے شائع کر کے پوری دینا کے مسلمانوں کی دل آزاری کی ،گستاخانہ خاکوں کیخلاف اسلامی دنیا کو متحد ہوکر میدان میں آنا ہوگا۔

حضوراقدس ﷺ کی شان میں گستاخی کو اظہار رائے کی آزادی کا نام دے کرگستاخی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

کفارنے گستاخانہ خاکے شائع کر کے اپنے خبث باطن کا اظہار کیا ہے ،حکومت گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھاتے ہوئے اسلامیان پاکستان کے جذبات کی ترجمانی کرے۔مولانا محبوب الحسن طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام انبیاء کا ادب احترام کرنا یہ تمام مسلمانوں کا بنیادی عقیدہ اور نظریہ ہے ،مسلمان کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کرسکتااور نہ ہی توہین رسالت کو برداشت کرسکتا ہے ۔

مولانا عبدالنعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ انبیاء کرام کی ناموس کا قانون بنائے ،توہین آمیز خاکوں کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔دنیا میں امن وسلامتی پیغمبر اسلام ﷺ کی عزت وناموس کے ساتھ مشروط ہے،محسن انسانیت ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے پوری انسانیت کے مجرم اور عالمی امن کے بدترین دشمن ہیں ۔