خیبرپختونخوا کی حکومت کا سٹینڈرڈائزڈ سکولز پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، جون تک تمام نصابی و ہم نصابی سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے سو سکول تعمیر کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے دو ارب روپے فوری طور پر جاری کئے جارہے ہیں، تمام ڈویژنل ہسپتالوں کو مکمل خود مختاری دینے جبکہ ضلعی ہسپتالوں کو بھی خودمختاری دیکر علاج کی تمام سہولیات کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس

ہفتہ 31 جنوری 2015 19:07

خیبرپختونخوا کی حکومت کا سٹینڈرڈائزڈ سکولز پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31جنوری۔2015ء) خیبرپختونخوا کی حکومت نے سٹینڈرڈائزڈ سکولز پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت جون تک تمام نصابی و ہم نصابی سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے سو سکول تعمیر کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے دو ارب روپے فوری طور پر جاری کئے جارہے ہیں اسی طرح تمام ڈویژنل ہسپتالوں کو مکمل خود مختاری دینے جبکہ ضلعی ہسپتالوں کو بھی خودمختاری دیکر علاج کی تمام سہولیات کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کیلئے بورڈ آف گورنرز کا فوری تقرر کرنے اور اس مقصد کیلئے 15 فروری کی ڈیڈلائن رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیاتاکہ عوام کو تعلیم اور علاج کی تمام بہتر سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کی جائیں اور اس مقصد کیلئے انہیں دوردراز کے بڑے شہروں کے سفری مشکلات سے نجات ملے اس بارے میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی نفاذ کے بعد سے اب تک کے اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں سینئر وزیر برائے صحت شاہرام خان ترکئی، وزیربرائے اعلیٰ تعلیم و اطلاعات مشتاق غنی، وزیر برائے سکولز و لٹریسی محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری امجد علی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد اویس آغا، تعلیم،صحت اور خزانہ کے سیکرٹریوں و دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت اور وزارت پھولوں کی سیج نہیں رہی بلکہ حقیقتاً کانٹوں اور بھاری ذمہ داریوں کا تاج بن چکی ہے اب ہم نے دن رات کام کرکے عوام اور پارٹی قیادت کو نتائج دکھانا ہیں ہمارے پارٹی سربراہ عمران خان ہر دوسرے تیسرے روز حکومت اور محکموں کی کارکردگی پر پیشرفت سے آگہی کیلئے ان سے رابطے میں رہتے ہیں انہوں نے اعتراف کیا کہ گو تینوں وزراء کی کارکردگی عمدہ ہے مگر اسے مزید بہتر بنانا ہے اور اہداف کا حصول پوری تیز رفتاری سے حاصل کرنا ہے جس کیلئے تینوں محکموں کے اعلیٰ وزیریں تمام اہلکاروں کو پوری طرح فعال بناناضروری ہو گیا ہے انہوں نے صوبے میں ایک سو سٹینڈڈائزڈ سکولوں کی تعمیر اور اس مقصد کیلئے فنڈز کے فوری اجراء کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہونی چاہیئے کہ ان نئے ٹاپ معیار کے سکولوں کی تعمیر اسی سال دو سوتک پہنچائی جائے ایسا ہونے پر فنڈز میں بھی دگنا اضافہ کیا جائے گا تاکہ یہ آئندہ طویل عرصے کیلئے مثالی سکول بنیں اور انہی کی طرز پر مزید تعمیرات ہوں اسی طرح انہوں نے موجودہ پرائمری و ہائی سکولوں کی چار دیواری و فرنیچر کیلئے پچاس پچاس کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ سہولیات کی بروقت بہم رسانی پر فنڈ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ سکولوں کی ضروریات جلد ازجلد پوری ہوتی رہیں انہوں نے صوبے بھرمیں24 اضلاع کے 364 ہائیر سیکنڈری سکولوں کی حالت بہتر بنانے اور تزئین کے ساتھ ساتھ اس مقصدکیلئے فنڈز کے اجراء اور خرچ کا طریقہ کار سادہ اور آسان بنانے کی ہدایت بھی کی تاہم واضح کیا کہ سکیموں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور کوتاہی یا بد عنوانی سامنے آنے پر ذمہ داران کی سخت ترین سرزنش کی جائیگی اس موقع پر سکول و کالج اور جامعات کی اندرونی و بیرونی فول پروف سیکورٹی کیلئے خدشات محکمہ داخلہ و پولیس کی مشاورت سے کئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے جاری ڈیڑھ ارب روپے کے علاوہ بوقت ضرورت مزید فنڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہمارے بچوں کے سیکورٹی بارے خدشات دور ہوں اور انہیں خوشگوار تعلیمی ماحول کا احساس ملے اجلاس میں سکولوں کی طرح طبی اداروں میں عملے کی حاضری اور ناکافی سہولیات کی نگرانی کیلئے انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے قیام و فعالیت کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اُمید ظاہر کی گئی کہ اسکی بدولت صوبے کے دورافتادہ علاقوں اور دیہات میں بھی مریضوں کوعلاج کی تمام سہولیات مقامی سطح پر مہیاہونگی اور طبی مراکز میں ڈاکٹروں اور ادویات و آلات کی کمی سے متعلق عوامی شکایات جلد ازجلد دور کرنے میں مدد ملے گی اجلاس میں بی ایچ یو اور آر ایچ سی کی سطح پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ڈبل شفٹ شروع کرنے اور اس مقصد کیلئے جامع حکمت عملی اور شیڈول وضع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا یہ بھی فیصلہ ہوا کہ آئندہ سکول و ہسپتال کی معیاری اور بروقت تعمیر کیلئے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن، نیشنل لاجسٹک سیل اور نیسپاک جیسے اداروں کی معاونت حاصل کی جائے گی جو بلڈنگز کی تعمیرات میں وسیع تجربہ کے حامل ادارے ہیں اور انکی بدولت اعلیٰ معیار کے علاوہ وقت او فنڈز کی بچت بھی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے سینئر صحافی حضر ت خان مہمند کے چچا خلیف مہمند کی وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے امامیہ جرگہ کے سیکرٹری جنرل سردار سجاد حسین کے داماد اور حیدریہ ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی سردار ذکاء الحسن کے انتقال پر بھی دلی رنج کا اظہار کیا اپنے الگ تعزیتی پیغامات میں وزیراعلیٰ نے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔