داعش نے یرغمال بنائے گئے اردنی پائلٹ کو زندہ جلادیا، امریکہ کی مذمت

بدھ 4 فروری 2015 11:23

داعش نے یرغمال بنائے گئے اردنی پائلٹ کو زندہ جلادیا، امریکہ کی مذمت

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری 2015ء) عراق اور شام میں سرگرم جنگجو گروپ ’داعش‘ نے یرغمال بنائے گئے اردنی پائلٹ معاذالکساسبہ کو پنجرے میں بند کرکے زندہ جلادیاہے جس کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق یرغمالی پائلٹ کو جلائے جانے کے مختلف مراحل کی تصاویر پر مبنی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ۔ داعش نے اردن کی حکومت سے پائلٹ کی بازیابی کے بدلے میں جیل میں قید ناکام خودکش حملہ آور عراقی خاتون ساجدہ الریشاوی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن اردن کی جانب سے یہ مطالبہ تسلیم نہ کیے جانے پرداعش کے جنگجوﺅں نے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یرغمال پائلٹ کو زندہ جلا دیا ہے جس کی تصدیق اردن کی حکومت نے بھی کردی ہے ۔

بتایاگیاہے کہ اردن نے داعش کے ہاتھوں جاپانی صحافی کینجی گوٹو کے سفاکانہ قتل کے بعد اپنے پائلٹ کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی تھیں لیکن ناکام رہا۔

(جاری ہے)

اردن کی حکومت داعش کے مطالبے کے مطابق قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن اس کا کہنا تھا کہ اس کو پہلے معاذالکساسبہ کے زندہ ہونے کا ثبوت مہیّا کیا جائے۔ یادرہے کہ 26 سالہ پائلٹ معاذ الکساسبہ کو داعش کے جنگجوﺅں نے شام کے شمالی علاقے میں 24 دسمبر کواس وقت پکڑلیاتھا جب ایک لڑاکا ایف 16جہاز تباہ ہونے کے بعد وہ بچ جانے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔

داعش نے اس طیارے کو مارگرانے کا دعویٰ کیا تھا اور اس کے جنگجوﺅں نے طیارے کے پائیلٹ کو زندہ حالت میں پکڑ لیا تھا۔ معاذ کے والد نے داعش سے اپنے بیٹے کی جان بخشی کی اپیل کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ ان کے بیٹے کے ساتھ مہمان کا برتاﺅ کریں۔ امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اگر اردنی پائیلٹ کو زندہ جلائے جانے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ داعش کی سفاکیت کا ایک اور ثبوت ہے، داعش کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کا عزم مزید پختہ ہوا ہے۔

وائیٹ ہاﺅس کی ترجمان برناڈیٹ میہان نے بیان میں کہا ہے کہ ہم اردن کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یادرہے کہ داعش نے جس عراقی خاتون ساجدہ الریشاوی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا،اس کو عمان کے ایک ہوٹل پر 9 نومبر 2005ءکو تہرے بم حملوں میں ملوّث ہونے کے الزام میں سنہ 2006ءمیں سزائے موت سنائی گئی تھی اور خاتون نے اعترافی بیان میں کہاتھاکہ اُن کے خاوند نے اپنا بم پھوڑدیا تھا، میں نے بھی اپنا بم پھوڑنے کی کوشش کی تھی لیکن میں اس میں ناکام رہی تھی۔اس نے یہ بھی کہا تھا کہ اُس کا خاوند ہی سب کچھ منظم کیا کرتا تھا جو دو اور خودکش بمبار وں سمیت عمان میں بم دھماکوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :