اکبر بگٹی قتل کیس ،پرویز مشرف کی ایک دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

بدھ 4 فروری 2015 11:53

اکبر بگٹی قتل کیس ،پرویز مشرف کی ایک دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری 2015ء) انسداد دہشت گر دی کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک کے استثنیٰ کی درخواست منظور کر تے ہوئے سماعت25 فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاﺅ او ر سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب شیروانی پیش ہوئے لیکن پر ویز مشرف ایک مرتبہ پھر پیش نہیں ہوئے ۔

وکیل استغاثہ نے پر ویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر کہا کہ کراچی سے سعودی عرب کا سفر چار گھنٹے کا ہے وہ سعودی عرب جاسکتے ہیں لیکن ایک گھنٹے کا سفر کر کے کوئٹہ نہیں آسکتے ۔ سماعت کے دوران عدالت نے پرویز مشرف کے طبی معائنہ سے متعلق میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت کے استفسار پر ڈی جی صحت بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری صحت کو ملزم کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی درخواست بھجوا دی گئی ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لئے 6 ہفتے کا وقت دیا گیا جو کہ کسی بھی چیز کے لئے کافی ہوتاہے، عدالت کو سندھ حکومت کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے حوالے ایک خط ملا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک رکن نے میڈیکل بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کیا ہے، حقیقت یہ ہے کہ آپ کا ایک دوسرے سے رابطہ ہی نہیں تو اس کی ذمہ داری ایک دوسرے پر نہ ڈالیں بلکہ ان سے رابطہ کرکے معاملات جلد نمٹائیں۔

(جاری ہے)

عدالتی سرزنش کے بعد ڈی جی صحت کی جانب سے 4 ہفتوں کا وقت مانگا گیا جسے عدالت نے مستردکردیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 25 فروری تک ملتوی کردی۔