آل راوٴنڈر بلاول بھٹی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ دیے جانے کا قومی امکان

جمعرات 5 فروری 2015 11:46

آل راوٴنڈر بلاول بھٹی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ دیے جانے کا قومی امکان

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) زخمی فاسٹ باوٴلر جنید خان کی جگہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والے آل راوٴنڈر بلاول بھٹی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ دیے جانے کا قومی امکان ہے۔ولنگٹن اور نیپئر میں کیویز کے خلاف دو میچ کھیلنے کے بعدبلاول پاکستان سکواڈ کے ساتھ سڈنی پہنچ گئے۔بلیک کیپس کے خلاف دوسرے میچ میں بلاول نے انتہائی خراب پرفارمنس دکھاتے ہوئے مقررہ دس اوورز میں 93 رنز دئیے اور وہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان کی ہدایات کے مطابق ٹیم انتظامیہ جلد بازی میں کسی کھلاڑی کی جگہ متبادل پلیئر منتخب نہیں کر سکتی ۔سکواڈ کے ساتھ جانے والے چیف سلیکٹر معین خان ہی یہ فیصلہ کرنے کے اہل ہیں اور قیاس آرائیوں کے مطابق سہیل تنویر، راحت علی، عمر گل اور صدف حسین میں سے کسی کو سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔تاہم ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا جانے کی وجہ سے بلاول بھی ورلڈ کپ سلیکشن کے ایک مضبوط امیدوار بن کر ابھرے ہیں خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اگلے دو روز میں کوئی حتمی فیصلہ کر لے گی۔