پاکستانی فوج نے عسکریت پسندوں کو شمالی وزیرستان سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ‘ امریکہ کا پھر اعتراف

جمعرات 5 فروری 2015 17:09

پاکستانی فوج نے عسکریت پسندوں کو شمالی وزیرستان سے باہر نکالنے میں ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) امریکہ کی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی نے کانگریس کو مطلع کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے عسکریت پسندوں کو ان کے سب سے اہم گڑھ شمالی وزیرستان سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ‘امید ہے پاک فوج 2015ء کے دوران عسکریت پسندوں کے مضبوط ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے گی ‘آپریشن کے باوجود پاکستان عسکریت پسندوں، فرقہ پرستوں اور علیحدگی پسند گروپس کی جانب سے داخلی خطرات کا سامنا کرتا رہے گاکانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو پیش کی گئی رپورٹ کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس میں کہا گیاکہ پاکستانی افواج جس نے پچھلے موسمِ گرما کے دوران فاٹا میں فوجی آپریشن شروع کیا تھا، قبائلی اور خیبرپختونخوا کے شہری علاقوں میں تعینات رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ”شمالی وزیرستان ایجنسی میں فوج کی زمینی کارروائیوں کے ذریعے اس گنجان آبادی کے مرکز سے ملک دشمن عسکریت پسندوں کا صفایا کردیا گیا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ فوج 2015ء کے دوران عسکریت پسندوں کے مضبوط ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں چھبیس دسمبر کو پشاور کے ایک اسکول پر ٹی ٹی پی کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک دشمنوں کے خلاف فوج کے حوصلے بلند ہیں، ٹی ٹی پی کی قیادت اور جنگجووٴں کے خلاف اس کے فضائی حملوں میں شدت آگئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک قومی ایکشن پلان کے نفاذ کیلئے حکومت اور فوج مل کر کام کررہی ہے اس پلان میں فوجی عدالتوں کی تشکیل بھی شامل ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ جاری فوجی آپریشن کے باوجود پاکستان عسکریت پسندوں، فرقہ پرستوں اور علیحدگی پسند گروپس کی جانب سے داخلی خطرات کا سامنا کرتا رہے گا پاکستان آئی ایس آئی ایس کی رسائی اور جنوبی ایشیا میں اس کے پروپیگنڈے کے متعلق تشویش کا شکار رہیگا۔