میر پور میں ایم ڈی اے کا چیئرمین مرضی کا نہ لگانے پر بیرسٹر نے پارٹی بدلی،آزادکشمیر کے وزراء کا دعویٰ

ہفتہ 7 فروری 2015 14:51

میر پور میں ایم ڈی اے کا چیئرمین مرضی کا نہ لگانے پر بیرسٹر نے پارٹی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزراء نے الزام لگایا ہے کہ پیپلزپارٹی کرپشن کا گڑھ نہیں بلکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کھربوں روپے کی کرپشن کی ہے‘ آزاد کشمیر میر پور میں ایم ڈی اے کا چیئرمین مرضی کا نہ لگانے پر بیرسٹر نے پارٹی بدلی۔ آصف زرداری اور نواز شریف پر تنقید کرنے والے بیرسٹر اربوں روپے کے زکواہ سکینڈل میں ملوث ہیں، زرداری نے 12 سال جیل جبکہ نواز شریف نے 11 سال تک جلا وطنی کاٹی ہے۔

اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیر ہاؤسنگ و پلاننگ چوہدری پرویز اشرف اوروزیر صحت عبدالسلام بٹ نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے والد چوہدری نور حسین کو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کونسل کا ممبر بنایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میر پور آزاد کشمیر میں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین اپنے منظور نظر اور چہیتے کو لگوا کر پلاٹوں کی بندر بانٹ میں کھربوں روپے کا کمیشن کمانا چاہتے تھے اور ایم ڈی اے کا چیئرمین ان کی مرضی کا نہ لگائے جانے پر انہوں نے جماعت کو الوداع کہہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر کو جو وزارت عظمی ملی 1991ء سے 1996ء تک اربوں روپے کے زکواہ سکینڈل میں ملوث ہیں آزاد کشمیر نیب ان کی تحقیق کرے گا۔ وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری مجید پر بیرسٹر سلطان دباؤ بڑھا رہے تھے کہ ایم ڈی اے کا چیئرمین ان کے چہیتے کو لگایا جائے۔ وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے صرف جمہوری بقاء کے لئے اتحاد کیا ہے،آصف زرداری اس ملک میں وفاق کی مضبوطی کی علامت ہیں۔

میثاق جمہوریت انہوں نے اس لئے کیا تھا تاکہ کوئی آمر اس ملک میں شب خون نہ مار سکے۔ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے جو اتحاد کیا ہے وہ بحالی جمہوریت کے لئے ہے سیاسی اختلافات ان کے اب بھی جاری ہیں بیرسٹر سلطان 7 مرتبہ جماعتیں تبدیل کر چکے ہیں۔ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ بیرسٹر سلطان ذاتیات اور کردار کشی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ مگر آصف زرداری چوہدری مجید اور بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کو برداشت نہیں کرینگے۔ جن لوگو ں کو پیپلزپارٹی کی جوتیوں کے صدقے اقتدار ملا وہ کردار کشی سے گریز کریں