پنجاب میں بناسپتی گھی و آئل کی قیمتوں میں 5روپے فی کلوگرام کمی

ہفتہ 7 فروری 2015 16:32

پنجاب میں بناسپتی گھی و آئل کی قیمتوں میں 5روپے فی کلوگرام کمی

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے پیش نظر حکومت پنجاب کی مساعی و ہدایات کے تحت بناسپتی گھی و آئل کی قیمتوں میں 5روپے فی کلوگرام کمی کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا فیصلہ صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین ، کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل اور پاکستان ویجٹیبل گھی ملز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے اجلاس میں کیاگیا۔

قیمتوں میں کمی کا اطلاق 9فروری سے ہوگا۔پی وی ایم اے کے نمائندہ وفد نے حکومتی ہدایات کے مطابق یقین دہانی کرائی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے بناسپتی گھی و تیل کے تمام برانڈ 5روپے فی کلوگرام کمی کے حساب سے مارکیٹ میں مہیا ہوں گے اور اس کمی کے اقدام کا اطلاق بناسپتی گھی و تیل کے تمام برانڈز پرہوگا۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ پی وی ایم اے کی جانب سے حکومتی ہدایات کے تحت قیمتوں میں کمی سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل ، سیکرٹری زراعت پنجاب راشد محمود لنگڑیال کے علاوہ پاکستان ویجٹیبل گھی ملز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمر اسلام خان، عارف قاسم، طارق اللہ ، میاں ابراہیم کے علاوہ نمائندہ وفد میں شامل دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :