بھارت نے لائن آف کنٹرول کے راستے جانے والے آزاد کشمیر کے 22 ٹرک مقبوضہ کشمیر میں روک کر تجارت کو پھر معطل کر دی ،

مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دونوں ممالک نے سفارتی سطح پر بھی کوششیں تیز کر دیں

ہفتہ 7 فروری 2015 18:23

بھارت نے لائن آف کنٹرول کے راستے جانے والے آزاد کشمیر کے 22 ٹرک مقبوضہ ..

سری نگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) بھارت نے لائن آف کنٹرول کے راستے جانے والے آزاد کشمیر کے 22 ٹرک مقبوضہ کشمیر میں روک کر تجارت کو ایک مرتبہ پھر معطل کر دیا جبکہ مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دونوں ممالک نے سفارتی سطح پر بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے ایک مرتبہ پھر منشیات سمگلنگ کا الزام لگا کر آزاد کشمیر کے 22 ٹرکوں کو ڈرایئورز کے ہمراہ روک دیا ہے ۔

آزاد کشمیر ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مبینہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ڈرایئور کو ثبوتوں کے ہمراہ ان کے حوالے کرے تاکہ اس کے خلاف آزاد کشمیر میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ بھارت کے انکار کے بعد ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی نے مقبوضہ کشمیر سے آئے 50 ٹرک چکوٹھی سے واپس بھیجنے سے انکار کر دیا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد اور نئی دلی کے درمیان اعلیٰ سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں کہ مسئلہ کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے تجارتی سامان میں مبینہ طور پر ہیروئن اسمگل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔آزادکشمیر ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے حکام نے انٹرا کشمیر ٹریڈ بند ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مقبوضہ کشمیر کے حکام تجارتی سامان لے جانے والے ٹرک واپس کرنے کے پابند ہیں۔

حکام کے مطابق تجارتی سامان سے منشیات نکلنے کے ثبوت فراہم کیے جائیں جس وقت تک ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے جاتے ۔آزاد کشمیر سے جانے والے تمام ٹرکوں اور ان کے ڈرائیورز کی واپسی تک سرحد کی دوسری جانب سے آنے والے 50ٹرک واپس نہیں کیے جائیں گے۔آزاد جموں کشمیر ایل او سی ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے ڈائریکٹر برگیڈیئر ریٹائرڈ امتیاز نے بتایا کہ معاملہ کو وزارت خارجہ کے نوٹس میں لایا گیا ہے ان کی ہدایات کی روشنی میں ہی میڈیا کو تما م تر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔