پاکستان دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ٹیم قرار

پیر 9 فروری 2015 13:47

پاکستان دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ٹیم قرار

سڈنی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کیلیے رن ریٹ کو بہتر رکھنا سب سے بڑا چیلنج ہوگا، بھارت یا ویسٹ انڈیزمیں سے کسی ایک کو شکست نہیں دی تو سفر دشوار ہوسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ٹیم قرار دیا جاتا ہے، کبھی یہ چیمپئن بنتی ہے تو کبھی پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوجاتی ہے۔

اس بار بھی یہ فٹنس اور دیگر ایشوز سے دوچار ہے تاہم پھربھی دنیا کو حیران کرنے کا جذبہ پوری طرح برقرار ہے۔ میگا ایونٹ میں بہتر رن ریٹ کی بھی اشد ضرورت ہوتی جبکہ اس معاملے میں گرین شرٹس کا ریکارڈ کافی مایوس کن ہے۔ٹاپ 10 ٹیموں کے دوران گیارہویں سے 40 ویں اوور تک ڈاٹ بالز کھیلنے میں سب سے برا ریکارڈ ان کا ہی ہے۔ کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرنے کیلیے پاکستان کو اپنے ابتدائی دو میچز میں بھارت یا پھر ویسٹ انڈیز میں سے کسی ایک پر فتح یقینی حاصل کرنا ہوگی بصورت دیگر اس کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کا دارومدار پول میں آئرلینڈکے خلاف اپنے آخری میچ پر ہوگا اورا آئرش وہ سائیڈ ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو ورلڈ کپ 2007 کے ابتدائی راؤنڈ سے ہی باہر ہونا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر اور سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ مسائل کے باوجود اس ٹیم میں کارنرڈ ٹائیگرز کی اسپرٹ موجود ہے اگر وہ اپنی پوری توانائیوں سے کھیلے تو دنیا کو حیران کرسکتے ہیں۔ کوچ وقار یونس کودراز قد فاسٹ بولر عرفان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہے، ان کا کہنا ہے کہ عرفان میگا ایونٹ میں دوسری ٹیموں کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :