ورلڈ کپ کیلئے بلایا تو ضرور جاؤں گا، سعید اجمل

پیر 9 فروری 2015 17:07

ورلڈ کپ کیلئے بلایا تو ضرور جاؤں گا، سعید اجمل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) اسٹار پاکستانی اسپنر سعید اجمل نے انتہائی وسوخ سے کہا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان ہندوستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں روایتی حریف کے ہاتھوں شکستوں کا جمود توڑ دے گا۔ سعید اجمل آئی سی سی کی جانب سے باؤلنگ ایکشن کلیئر قرار دیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ ایکشن میں دکھائی دیے اور انہوں نے پی سی بی اکیڈمی انڈر 19 اور پی سی بی اکیڈمی انڈر 17 ٹیموں کے درمیان میچ میں شرکت کی اور باؤلنگ پریکٹس کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ کے لیے طلب کیا گیا تو وہ ضرور جائیں گے۔ اجمل نے کہا کہ مجھے ردھم میں آنے کے لیے میچ پریکٹس درکار ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ جلد از جلد اپنی پرانی فارم بحال کر سکوں۔ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے حوالے سے سوال پر ورلڈ کلاس اسپنر نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں مستقل شکستوں سے دوچار ہے اور پاکستان بھی شکستیں کھا رہا ہے لہٰذا دونوں ٹیمیں ہی مشکلات سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اسٹار اسپورٹس کے اشتہار کا حوالہ دیتے ہوئے مجھے امید ہے اس مرتبہ پاکستان ہندوستان کو شکست سے دوچار کرے گا اور وہ شائقین جنہوں نے پٹاخے نہیں پھوڑے، انہیں پھوڑنے کا موقع ملے گا۔ اجمل نے کہا کہ مجھے اپنی فارم کی بحالی کے لیے 10 سے 12 میچ درکار ہیں اور فارم میں آتے ہی ٹیم کے لیے دستیابی ظاہر کر دوں گا لیکن اگر ورلڈ کپ کے لیے بلایا گیا تو ضرور جاؤں گا۔