’مودی مندر‘ کی تعمیر پر نریندر مودی حیران

جمعرات 12 فروری 2015 20:30

’مودی مندر‘ کی تعمیر پر نریندر مودی حیران

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاست گجرات میں خود سے منسوب مندر کی تعمیر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل بھارتی ثقافت کے مطابق نہیں۔ یہ مندر ضلع راج کوٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں نے تعمیر کیا ہے جس میں نریندر مودی کی مورتی لگائی گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے جمعرات کی صبح ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’ہماری ثقافت ایسے مندروں کی تعمیر کی تعلیم نہیں دیتی۔

‘ ان کا کہنا ہے کہ اس خبر سے وہ ذاتی طور پر بہت دلبرداشتہ ہیں۔ وزیر اعظم نے مندر بنانے والوں سے ایسا نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے اور کہا ہے ’اگر آپ کے پاس وقت اور وسائل ہیں تو براہ مہربانی اس کا استعمال ہمارا ’صاف بھارت‘ کا خواب پورا کرنے کے لیے کریں۔‘وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر براک اوباما کی بھارت یاترا کے دوران اپنے نام کی کڑھائی والا سوٹ پہنا تھا جس پر جہاں تنقید ہوئی تھی وہیں ان کے حامیوں نے اس عمل کا دفاع کیا تھا۔

(جاری ہے)

مندر تعمیرکرنے والے اوم نوجوان گروپ کے سربراہ شنکر پٹیل نے بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا: ’اس جگہ ہم نریندر مودی کی تصاویر رکھ کر گذشتہ 11 سال سے عبادت کر رہے ہیں۔ اب ہم نے ان کی ایک مورتی بنوائی ہے۔‘ شنکر کے مطابق یہ مورتی 15 فروری کو مندر میں باقاعدہ طور پر نصب کی جائےگی اور اسی دن اجتماعی شادی کی تقریب کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مندر کے پاس ہی پان اور چائے کی دکان چلانے والے شنکر پٹیل نے اخبار سے کہا کہ پتھر سے بنی اس مورتی کو اڑیسہ سے بنوایا گیا ہے اور اس پر ایک لاکھ 70 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔