خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا حیا ت آباد فیز 5 میں امامیہ مسجد پر خودکش دھماکوں کے متاثرین کیلئے شہید پیکج کا اعلان

جمعہ 13 فروری 2015 18:49

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا حیا ت آباد فیز 5 میں امامیہ مسجد پر خودکش ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے حیا ت آباد فیز 5 میں امامیہ مسجد پر خودکش دھماکوں کے متاثرین کیلئے شہید پیکج کا اعلان کرتے ہوئے تمام شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کومعاوضے کی امدادی رقوم آئندہ چند روز میں ادا کرنے اور اس مقصد کیلئے ضابطے کی کاروائی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے پرویز خٹک نے پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کے علاج پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت بھی کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ہر زخمی کی مکمل صحت یابی تک انکا اعلیٰ سطح پر میڈیکل ٹیموں کی نگرانی میں علاج جاری رکھا جائے اور اس میں کوئی کوتاہی نہ آنے دی جائے انہوں نے دہشت گردی کے اس المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وحشی اور درندہ صفت عناصر نے نماز جمعہ میں مصروف اور الله تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز معصوم انسانوں کو اتنی بیدردی سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا جسکی دنیا کے کسی بھی مذہب اور اخلاقیات میں اجازت نہیں بلکہ یہ ہر لحاظ سے انسانیت کی تذلیل ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ خود کش کو نقصانات سے روکنا کافی مشکل بلکہ ناممکن کام ہے تاہم یہ طے ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے عناصر کے جڑوں تک پہنچنے اوردہشت کی مکمل بیخ کنی کیلئے تمام وسائل اور ذرائع کو بروئے کار لائے گی جبکہ انکے مکمل خاتمے کے دن قریب آچکے ہیں وزیراعلیٰ نے مسجد کے اندر ایک خود کش کا حملہ ناکام بنانے پر نمازیوں کے جراتمندانہ کردار کو سراہا اور واضح کیا کہ ہمارے لوگ نڈر قوم ہیں اور دہشت گردی کے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے انکے عزم و استقلال کو کسی صورت کمزور نہیں بنایا جا سکتا ہم دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی اور امن و سلامتی کا ماحول قائم کرکے ہی دم لیں گے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں قومی ایکشن پلان پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے گی نیز دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے میں ہماری حکومت کو درپیش مشکلات کا خصوصی اور فوری ازالہ یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :