سینٹ انتخابات میں جو سیٹوں کی خریدوفروخت کریگا اس کے لئے قانون حرکت میں آئے گا ، خواجہ سعد رفیق،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں سینٹ کی سیٹوں کی جو خریدوفروخت ہور ہی ہے انہیں ختم کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے،سینٹ انتخابات میں سیاسی ورکرز کو آگے لایا جائے ،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 فروری 2015 21:45

سینٹ انتخابات میں جو سیٹوں کی خریدوفروخت کریگا اس کے لئے قانون حرکت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں جو عناصر جمہوریت کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں ان کا محاسبہ کیا جائے اور جو سیٹوں کی خریدوفروخت کریگا اس کے لئے قانون حرکت میں آئے گا ۔ جمعہ کے روز قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں سینٹ کی سیٹوں کی جو خریدوفروخت ہور ہی ہے انہیں ختم کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں سیاسی ورکرز کو آگے لایا جائے اور سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اپنے حصے کے مطابق سینٹ کی سیٹیں حاصل کریں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کے پی کے میں اے این پی اور آفتاب شیر پاؤ سے ہمارے رابطے ہیں اور ہم سب کا ایک ہی اتفاق رائے ہے کہ میرٹ پر سینٹ انتخابات میں حصہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے سینٹ انتخابات کے حوالے سے بات ہوئی تو اس نے مثبت جواب دیا ۔

جاوید ہاشمی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے قربانی حکومت کو بچانے کیلئے نہیں بلکہ جمہوریت کو بچانے کیلئے دی ہے اور ان کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جاوید ہاشمی کو سینٹ کے لئے ٹکٹ نہیں دیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعت جتنی زیادہ سیٹیں حاصل کرے گی وہ میڈیا پر ظاہر ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات صاف و شفاف ہونگے اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ سینٹ انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کریں ۔

متعلقہ عنوان :