دوبئی کے اٹھائی گیروں نے نیا طریقہ واردات دریافت کر لیا

منگل 17 فروری 2015 16:15

دوبئی کے اٹھائی گیروں نے نیا طریقہ واردات دریافت کر لیا

دوبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری 2015ء) میں دوکانوں سے چیزیں چرانے والوں نے نیا طریقہ واردات دریافت کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 مصریوں کو ایک گارمنٹس سٹور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں پر کپڑے چوری کرنے کا الزام ہے۔ 27 سالہ ٹرک ڈرائیور اور 28 سالہ کلرک گارمنٹس سٹور میں ٹرائی روم جاتے اور وہاں کپڑوں میں موجود مقناطیسی ٹیگ اتار دیتے۔

اس کے بعد نئے کپڑوں کو اپنے کپڑوں کے نیچے چھپا کر آرام سے باہر نکل جاتے۔ سٹور کے سیکورٹی گارڈ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے دونوں اشخاص کو سٹور میں ٹہلتے دیکھا، دونوں ٹرائی روم کے پاس کھڑے گے۔ دونوں ٹرائی روم میں گئے اور ٹرائی روم سے ایک ہی جوڑے میں باہر گئے۔ گیٹ سے باہر جاتے ہوئےسیکورٹی گیٹ پر کوئی بپ سنائی نہیں دی، اس لیے انہیں روکا بھی نہیں گیا۔

(جاری ہے)

سیکورٹی گارڈ کے مطابق 45 منٹ بعد وہ دونوں دوبارہ آئے اور اس دفعہ جینز ، بٹوہ اور جوتے خریدے۔ اس دفعہ بھی باہر جاتےہوئے سیکورٹی گیٹ پر بپ سنائی نہیں دی۔ سیکورٹی گارڈ نے اُن کا پیچھا کیا اور کچھ دور کھڑی کار کےپاس ان کو پکڑ لیا۔ دوکان سے چرایا ہوا سامان گاڑی میں موجود تھا۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔ دونوں ملزموں نے بتایا کہ ان کے پاس ایک آلہ ہے جس سے وہ مقناطیسی ٹیگ اتار دیتے ہیں اور کپڑوں کو اپنے کپڑوں کے نیچے چھپا کر آرام سے باہر نکل جاتےہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔