پاکستانی ٹیم کوایک بار پھر ’’بھوت بنگلے‘‘ میں ٹھہرا دیا گیا

بدھ 18 فروری 2015 11:40

پاکستانی ٹیم کوایک بار پھر ’’بھوت بنگلے‘‘ میں ٹھہرا دیا گیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18۔فروری 2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کو کرائسٹ چرچ میں ایک بار پھر’’ بھوت بنگلے ‘‘میں ٹہرا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ سے قبل گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ سے 2 ون ڈے میچز میں حصہ لیا، اس دوران کرائسٹ چرچ کے ٹیم ہوٹل میں نوجوان کرکٹر حارث سہیل کے ساتھ ایک عجیب واقعہ پیش آیا تھا، اس وقت ٹیم منیجر نے بتایا کہ وہ سوتے ہوئے ڈر گئے اور شکایت کی کہ کسی نے بستر کو ہلایا تھا۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ ہے کہ اب ورلڈکپ کیلیے پاکستانی ٹیم جب کرائسٹ چرچ پہنچی تو آئی سی سی نے بھی اس کیلیے اسی ہوٹل ریجس لیٹیمار میں رہائش کا انتظام کیا ہے۔ ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ حارث سہیل کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیحد خوفناک تھا، رات کو سوتے ہوئے کوئی غیر مرئی طاقت ان پرسوار ہو کر گلا دبانے لگی تھی، وہ خوفزدہ ہو کر بھاگے تو سب سے پہلے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے ملاقات ہوئی، جنھوں نے ان پر دم کیا تو کچھ سکون آیا، اس موقع پر ٹیم کے دیگر 2کھلاڑیوں نے بھی اس سے ملتے جلتے واقعات کی شکایت کی تھی، ایک آفیشل نے بھی بتایا کہ اسے کمرے کی کھڑی کھلتی بند ہوتی محسوس ہوئی بعد میں جب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو پلیئرز کے کمروں میں کوئی بھی جاتا ہوا دکھائی نہیں دیا تھا۔