سانحہ پشاور کی وجہ سے کافی عرصہ پرفارم نہیں کرسکا،علی ظفر

جمعہ 20 فروری 2015 12:04

سانحہ پشاور کی وجہ سے کافی عرصہ پرفارم نہیں کرسکا،علی ظفر

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروی 2015ء) پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پر حملہ بہت بڑا سانحہ تھا، وہ پشاور حملے کی وجہ سے کافی عرصہ پرفارم بھی نہیں کر پائے۔اپنے ایک انٹرویو میں علی ظفر نے کہا کہ 16 دسمبر کو وہ لاہور میں تھے جب انہیں اسکول پر حملے کا علم ہوا، سانحے کا پتہ چلا تو اس قدر دکھ ہوا کہ بیان نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ سانحہ کے باعث پرفارم نہ کرسکنے کے باعث کئی کانسرٹس منسوخ کیے، واقعہ کے بعد پہلی بار اسٹوڈیو آیا تو اندازہ ہوا کہ اپنے دکھ کا اظہار کیے بغیر کوئی اور کام نہیں کرسکتا۔ان کے بقول حملے کے بعد سنبھلنے میں بہت وقت لگا، سانحے نے جس طرح دل پر اثر کیا اسے بیان کرنا مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لئے میوزک کا سہارا لیا۔

(جاری ہے)

سانحہ پشاور کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اپنے گانے سے متعلق بات کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا جذبات کے اظہار کے ساتھ یہ گانا تعلیم کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے بچوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بدلنے کیلئے سب سے پہلے اپنے اندر تبدیلی لانا ہوگی، آئندہ نسل کو بہتر معاشرہ دے کر جانا چاہتے ہیں، ایک ایسا معاشرہ جہاں مل جل کر رہنے ،ایک دوسرے کو سننے اور برداشت کرنے کی صلاحیت ہو۔

متعلقہ عنوان :