سعودی عرب کے نئے بادشاہ نے آتے ہی اپنے عوام پر ریالوں کی بارش کر دی

ہفتہ 21 فروری 2015 12:14

سعودی عرب کے نئے بادشاہ نے آتے ہی اپنے عوام پر ریالوں کی بارش کر دی

ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) سعودی عرب میں نئے حکمران شاہ سلمان کے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہونے کے بعد مملکت میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس خوشی کی ایک خاص وجہ انعامات و اکرامات کی بارش ہے جو آج کل سعودی شہریوں کو مالا مال کررہی ہے۔اخبار ”نیویارک ٹائمز“ کے مطابق سرمایہ کاری کے ادارے ایش مور گروپ سے تعلق رکھنے والے تجزیہ کار جان سفاکیا ناکس کے ایک اندازے کے مطابق نئے فرمانروا کی تاج پوشی کے جشن کے طور پر سعودی عوام کو تقریباً 32 ارب ڈالر (تقریباً 32کھرب پاکستانی روپے) کی اضافی تنخواہیں، بونس اور انعام و اکرام دئیے جائیں گے۔

یہ رقم دنیا کے متعدد ممالک کے سالانہ بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق شاہ سلمان نے برسراقتدار آنے کے بعد متعدد سیاسی، اقتصادی اور تنطیمی اصلاحات کا آغاز کیا ہے لیکن عوام کے لئے سب سے بڑی خوشی کی بات انہیں مختلف انداز میں ریاست کی طرف سے ملنے والی رقوم ہیں۔

(جاری ہے)

مملکت میں سرکاری ملازمین کو خصوصی گرانٹس دی جارہی ہیں، ادبی اور سپورٹس کلبوں کو خصوصی امداد دی جارہی ہے، کئی اداروں میں ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ بطور بونس دی جارہی ہے اور بیرون ملک طلبا کو خصوصی وظائف دئیے جارہے ہیں۔

سرکار کی تقلید کرتے ہوئے متعدد پرائیویٹ کمپنیوں نے بھی اپنے ملازمین کے لئے خصوصی مراعات اور بونس کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب میں لوگ آج کل نئے موبائل فون، مہنگے لباس اور دیگر آرائشی و آسائشی اشیاء دل کھول کر خرید رہے ہیں جبکہ بیرون ملک سیاحت کے لئے جانے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :