ویسٹ انڈیز سے شکست، شعیب اختر کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں ، بورڈ پر برس پڑے

ہفتہ 21 فروری 2015 12:25

ویسٹ انڈیز سے شکست، شعیب اختر کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں ، بورڈ پر برس ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2015ء) ویسٹ انڈیز سے قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر سابق فاسٹ باﺅلرشعیب اخترکپتان سمیت بعض کھلاڑیوں پر برس پڑے اور بورڈ میں بیٹھے بڈھوں ، عمررسیدہ کھلاڑیوں سے خداکا واسطہ دے کر کرکٹ سے علیحدگی کی اپیل کردی ۔ قومی ٹیم کی شکست کے بعدنجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے شعیب اختر نے کہاکہ فکر کریں کہ ہم نے زمبابوے سے ابھی جیتنا ہے ،ایسی کارکردگی رہی تو پاکستان پھر آئرلینڈ سے بھی ہارنے کی تیاری کرے ، آئرلینڈ سے ہارے تو ورلڈ کپ میں شمولیت کیلئے شدید مشکل ہوجائے گی ، مصباح الحق جیسابزدل اور خود غرض کپتان زندگی میں نہیں دیکھا، مصباح کو ٹیم پر الزام کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیناچاہیے ، آج میرادل ٹوٹ کر رہ گیا۔

ہم نہیں کہتے کہ نہ ہارولیکن لڑائی کرکے ہارو،سرے سے ہمارے پاس پاس کوئی کپتان یا لیڈ رنہیں ۔

(جاری ہے)

اُن کاکہناتھاکہ خداکا واسطہ کچرے کو ٹیم سے باہر نکالیں ، احمد شہزاد کو ٹیم سے نکالنے کی ضرورت ہے ، وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ یونس خان اوپر نہیں کھیل سکتے ،یونس خان کو اب ہماری جان چھوڑدینی چاہیے ، مصباح الحق کو اوپر جاکر کھیلناچاہیے ۔ شعیب اختر کاکہناتھاکہ پاکستان جتواناہے تو بورڈ میں اکھاڑ پچھاڑ لازمی ہے ، نجم سیٹھی اور شہریارکودلیرانہ فیصلے کرناہوں گے ، بابوں نے اپنی نوکریوں کے چکر میں پاکستان کاکباڑاکردیا، وقاریونس کو تیسری مرتبہ کوچ بنانے کی کیاضرورت تھی ؟جو پہلے دومرتبہ کچھ نہیں کرپائے ، اب وہ کیا کرلیں گے ۔

اُنہوں نے کہاکہ بورڈمیں نیچے والے بابے نہیں بدلے جاتے ،بورڈ اور گورننگ بورڈ میں کون بیٹھا ہے ؟میلا لگاہوا، سب مزے لوٹ رہے ہیں ،عوام اور بورڈ چند لوگوں کی وجہ سے بے وقوف بنے ہوئے ہیں ، وہ کہتے کہ پاکستان کی بہت ذلت ہوگئی ، خدارا، خودغرضی چھوڑدیں ۔