پاکستانی کھلاڑیوں سے خراب رویئے پر ڈیرن براوو کی کھچائی ہوگئی

ہفتہ 21 فروری 2015 23:38

پاکستانی کھلاڑیوں سے خراب رویئے پر ڈیرن براوو کی کھچائی ہوگئی

کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21۔فروری 2015ء )ویسٹ انڈیز نے یوں تو پاکستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا تاہم اس میچ کے دوران غیر اخلاقی رویہ اختیار کر نے پر ڈیرن براوو کو نہ صرف میچ ریفری نے ڈانٹ پلائی بلکہ آئندہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت بھی کر دی ۔ میڈیا کے مطابق بیٹنگ کے دوران ڈرین براوو ایک رن لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ یونس خان کی جانب سے پھینکا گیا تھرو وکٹ سے تو نہیں ٹکرایا بلکہ براوو کے سر سے ٹکرا گیا جس پر وہ کریزپر گر گئے اور اس کے فوری بعد ڈاکٹرکو بلایا جس نے براوو کو طبی امداد فراہم کی تو وہ کھیلنے قابل ہوگئے لیکن اس کے بعد انہوں نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں پر غیر اخلاقی جملے کسے بلکہ کچھ اشارے بھی کیے جسے میچ ریفری ڈیوڈ بون نے نوٹ کیا۔

براوو نے فٹ ہونے کے بعد جب کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو ان کی مشکلات میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب وہ ہیمسرٹنگ انجری کا شکار ہوگئے اور اس کی بدولت انہیں اسٹریچر کے ذریعے بغیر آؤٹ ہوئے ہی پویلین سے لوٹنا پڑا جہاں انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن اسپتال سے واپسی کے بعد ان کی پریشانی میں ایک اور اضافہ ہوا جب میچ ریفری نے انہیں پاکستانی کھلاڑیوں سے غیر اخلاقی رویئے پر آڑے ہاتھوں لیا۔

(جاری ہے)

میچ ریفری نے ڈیرن براوو کو غیر اخلاقی جملے اور اشارے کرنے پر نہ صرف خوب ڈانٹ پلائی بلکہ انہیں آئندہ محتاط رویہ اختیار کرنے کی بھی تنبیہ کی جب کہ براوو کو آئندہ اس قسم کی کسی حرکت پر میچ فیس کے 50 فیصد جرمانے کی سزا سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔d