افغانستان ، نیٹو فورسز کے فضائی حملے اور نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 پاکستانی طالبان سمیت 24عسکریت پسند ہلاک ،17 زخمی

اتوار 22 فروری 2015 14:56

افغانستان ، نیٹو فورسز کے فضائی حملے اور نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 22فروری 2015ء) افغانستان میں نیٹو فورسز کے فضائی حملے اور نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 پاکستانی طالبان سمیت 24عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے جبکہ 7 کوگرفتار کرلیا گیا۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ نورستان میں نیٹو فورسز کے فضائی حملے میں 4 پاکستانی طالبان جنگجوہلاک ہوگئے ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نیٹو فوسز کے طیاروں نے ضلع کامدش کے بازار کے مضافات میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ملک کی مشرقی سرحدی پولیس کے ایک کمانڈر نے بتایا ہے کہ نیٹو فورسز کے طیاروں نے عسکریت پسندوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ،فضائی حملے میں شہریوں کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ادھر افغان نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 20 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے جبکہ 7کوگرفتار کرلیا گیا ۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغان نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 20 طالبان جنگجو ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ سات کو گرفتار کرلیاگیا۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ آپریشن صوبہ کنٹر ،تخار،قندوز،بدخشان،سرائے پل،لوگر،پکتیااور ہلمند میں کیا گیا ۔افغان نیشنل پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبہ کنٹر،قندھار،ارزگان،غزنی اور خوست میں آپریشن کے دوران 12 دیسی ساختہ بم ڈیوائسز برآمدکرکے ناکارہ بنادیں۔وزارت داخلہ نے آپریشن کے دوران افغان سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ۔رواں سال نیٹو افواج سے مکمل سیکورٹی کی ذمہ داریاں لینے کے بعد افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے شدت پسندوں کیخلاف اپنی کاروائیاں تیز کردی ہیں۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے آغاز کے بعدسے سینکڑوں عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔