خیرپور،مختلف حادثات وواقعات میں 5 افراد جاں بحق

پیر 23 فروری 2015 21:14

خیرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء)مختلف حادثات وواقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق خیرپور کے قریب گوٹھ خان محمد پھلپوٹو میں زرعی پانی کی تقسیم کے تنازع میں 45 سالہ الہیار پھلپوٹو کو قتل کردیا گیا، اطلاع پر پولیس نے لاش تحویل میں لیکر اسپتال پہنچائی تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ، کنب تھانے کی حدود ستار شاہ اسٹاپ پر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی اورتیز رفتار ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی پر سوار مزدور عرفان شیخ اور محراب ملاح جاں بحق ہوگئے، پولیس نے ٹرالر تحویل میں لیکر دونوں کی نعشیں اسپتال پہنچائیں حادثے کے شکار افراد ٹھری میرواہ کے علاقے بوزدار ڈاکے رہائشی بتائے جاتے ہیں، کھینواری کے قریب سانگھڑ چونڈکو روڈ پر موٹرسائیکل ٹریکٹر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 18 سالہ موٹرسائیکل سوار خالد چانگ جاں بحق ہوگیا، لاش چونڈکو اسپتال لائی گئی جبکہ ٹریکٹر پولیس نے تحویل میں لیکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، چونڈکو کے قریب زائرین سے بھری ڈاٹسن ٹائی راڈ ٹوٹنے سے الٹ گئی جس نتیجے میں زاہدہ نامی خاتون جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال پہنچایا گیا ہے۔