کارلووک 1989 کے بعد دوسرے عمر رسیدہ فاتح بن گئے

منگل 24 فروری 2015 11:29

کارلووک 1989 کے بعد دوسرے عمر رسیدہ فاتح بن گئے
ڈیلرے بیچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24۔فروری 2015ء )کروشین کھلاڑی ایوا کارلووک ڈیلرے بیچ ٹائٹل جیت کر 1989ء کے بعد دوسرے عمر رسیدہ اے ٹی پی ایونٹ فاتح بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرلے بیچ مینز ٹینس کے فائنل میں کروشیا سے تعلق رکھنے والے 4 سیڈ ایوا کارلووک نے امریکی حریف ڈونلڈ ینگ کو 6-3 اور6-3 سے شکست دے دی، وہ1989 کے بعد اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے عمررسیدہ پلیئر بن گئے، انھوں نے یہ ٹرافی35 برس کی عمر میں وصول کی، ان سے قبل سابق امریکی پلیئر جمی اوکونر نے26 برس قبل تل ابیب میں اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اس وقت جمی اوکونر کی عمر37 برس تھی جبکہ کارلووک 28 فروری کو اپنی 36ویں سالگرہ منائیں گے، انھوں نے فلوریڈا کے ہارڈ کورٹ پر منعقدہ فائنل میں 6-3 اور6-3 سے فتح میں تین مرتبہ ڈونلڈ کی سروس کو بریک کیا، ایوا کارلووک کے کیریئر کا یہ چھٹا ٹائٹل ہے، ڈیرلے بیچ میں لگاتار دوسری مرتبہ کوئی کروشین پلیئر فاتح بنا۔

(جاری ہے)

گذشتہ برس کارلووک کے ہموطن مارن کلک نے چیمپئن کا اعزاز پایا تھا، کامیابی کے بعد ایوا کارلووک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں یہاں ٹائٹل جیتنے پر انتہائی مطمئن ہوں، عمر کے اس حصے میں ٹرافی جیتنے پر عجیب سی خوشی محسوس ہو رہی ہے، اس سے دیگر ایونٹس کیلیے یقینی طور پر میرے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، 6 فٹ 11 انچ کی قامت رکھنے والے کروشین پلیئر کارلووک نے پورے ٹورنامنٹ میں91 ایسز لگائیں،رنر اپ ڈونلڈ ینگ کیریئر میں2 اے ٹی پی فائنل کھیلنے کے باوجود اولین ٹائٹل کی راہ دیکھ رہے ہیں۔