پرانے پرمٹ پر ہی ایورسٹ جانے دیں، کوہ پیماوٴں کا مطالبہ

بدھ 25 فروری 2015 14:41

پرانے پرمٹ پر ہی ایورسٹ جانے دیں، کوہ پیماوٴں کا مطالبہ

کھٹمنڈو(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)دنیا کے سب سے بلند پہاڑ ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے کے خواہشمند سینکڑوں کوہ پیما اس انتظار میں ہیں کہ آیا انھیں اس سال پرانے پرمٹ پر پھر سے چوٹی سر کرنے کی اجازت ملے گی یا نہیں۔یہ وہ کوہ پیما ہیں جنھیں سال پرمٹ ہونے کے باوجود ایورسٹ کی مہم اس لیے ترک کرنی پڑی تھی۔گذشتہ سال برفانی طوفان میں 16 ساتھیوں کے مرنے پر پہاڑ پر کوہ پیماوٴں کے ہمراہ جانے والے شرپاوٴں نے ہڑتال کر دی تھی۔

اسی طوفان کی وجہ سے کوہ پیمائی کی تمام مہمات روک دی گئی تھیں۔ اب ان کوہ پیماوٴں کا کہنا ہے کہ کوہ پیمائی کے نئے سیزن کے آغاز میں چند ہفتے ہی رہ گئے ہیں اور وہ نیپالی حکومت کی جانب سے فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے وہ شش و پنج کا شکار ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکام نے گذشتہ سال شرپاوٴں کی ہڑتال کے بعد کہا تھا کہ تقریباً 300 کوہ پیماوٴں کو دیے گیے پرمٹ پانچ سال تک استعمال ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ سال کے پرمٹ کی منظوری دینے کو تیار ہیں لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ کوہ پیما وہی ٹیم لے کر آئیں۔آپریٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ ٹیم میں شامل افراد کا تعلق مختلف ممالک سے تھا اور انھیں پھر سے یکجا نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کے اپنے منصوبے، ترجیحات اور پروگرام ہیں۔نیپال کے مقامی آپریٹرز کی تنظیم کے ساتھ ساتھ ایک درجن سے زیادہ بین الاقوامی آپریٹرز نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ مختلف کوہ پیما ٹیموں کے 31 کوہ پیماوٴں کو انفرادی طور پر یا کسی ٹیم کے ساتھ اجازت دی جائے۔

ہمیالین ایکسپیریئنس کے رسل برائس کا کہنا ہے کہ ’مہم کے آغاز میں اب صرف چھ ہفتے رہ گئے ہیں اور کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔ کوہ پیما مہم کے آپریٹر کی حیثیت سے ہم لوگ بالکل اندھیرے میں ہیں اور ایک سال میں کچھ نہیں ہوا ہے۔‘دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ پیچیدہ ہے اور وہ تحفظ اور دوسری وجوہات کے سبب اجنبی افراد پر مبنی ٹیم کی مہم کی حوصلہ افزائی نہیں کرنا چاہتے۔

بہر حال حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ضابطے میں یہ پرمٹ قابل منتقلی نہیں ہیں جبکہ آپریٹروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال جب انھوں وزارت سیاحت سے رجوع کیا تھا تو انھی سرد مہری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔نیپال میں انفرادی کوہ پیمائی کے مقابلے ٹیم کوہ پیمائی کی فیس کم ہے لیکن جنوری سے حکومت نے انفرادی پرمٹ فیس میں کمی کرتے ہوئے اسے 25 ہزار ڈالر سے کم کر کے 11 ہزار ڈالر کر دیا گیا تھا۔گذشتہ سال تک سات کوہ پیماوٴں کے سات ارکان پر مشتمل گروپ کے لیے 70 ہزار ڈالر دینے ہوتے تھے اور اسی لیے ٹیم میں جانا زیادہ سستا تھا۔بہرحال حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال ابھی کوئی نیا پرمٹ جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم گذشتہ سال کا مسئلہ ابھی بھی حل طلب ہے۔