ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی عہدیدار سیرسپاٹوں میں مصروف

جمعرات 26 فروری 2015 11:39

ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی عہدیدار سیرسپاٹوں میں مصروف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26۔فروری 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء میں کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکستوں کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کو سیر سپاٹوں سے ہی فرصت نہیں ہے ۔ ایک طرف قوم سخت مایوسی کے عالم میں گھری ہوئی ہے لیکن دوسری جانب گورننگ بورڈ کے ارکان ان کے ٹیکسوں کی رقم سے بیرون ملک تفریح کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے رکن منصور مسعود آسٹریلیا یاترا کے بعد انگلینڈ واپس چلے گئے، وہ لندن میں ایک پاکستانی بینک میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور رکن یوسف نسیم اور سیکریٹری آئی پی سی اعجاز چوہدری آسٹریلیا روانہ ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ گورننگ بورڈ نے اپنے آخری اجلاس میں ورلڈ کپ کے دوران ارکان کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جانے کی منظوری دی تھی، اس پر تین کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ چیئر مین پی سی بی شہریار خان اور اقبال قاسم نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے دورے سے انکار کر دیا تھا، اس موقع پر اکثریت بیرون ملک جانے کے لیے بے تاب تھی جس کے بعد قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :