پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی غیرمتوقع نہیں، مدثر نذر

جمعرات 26 فروری 2015 12:07

پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی غیرمتوقع نہیں، مدثر نذر

برسبین (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر مدثر نذر نے کہا ہے کہ وہ ایسی ہی کارکردگی کی توقع کررہے تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو سعید اجمل، محمد حفیظ اور جنید خان کے نہ ہونے کا بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔سعید اجمل اور محمد حفیظ دونوں ٹیم کی ضرورت تھے جبکہ جنید خان جیسی مہارت رکھنے والا فاسٹ بولر پورے پاکستان میں نہیں ہے۔

ان کا نہ ہونا بہت بڑا دھچکہ ہے۔مدثر نذر نے پاکستانی ٹیم کی فٹنس کے معیار کو غیرتسلی بخش قرار دیا۔میں نے پاکستانی ٹیم کی ٹریننگ دیکھی میں کھلاڑیوں کی فٹنس دیکھ کر حیران ہوں۔ اس ٹیم کو کہیں زیادہ فٹ ہونا چاہیے تھا۔مدثر نذر نے کہا کہ پاکستان میں 140 سے 150 کی رفتار سے بولنگ کرنے والے کئی فاسٹ بولرز موجود ہیں لیکن اگر ان کی فٹنس کا خیال رکھا جاتا تو آج ٹیم کو یہ صورتحال نہ دیکھنی پڑتی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی وکٹوں پر عام میڈیم پیسر اور عام سپنرز کامیاب نہیں ہوتے لہٰذا بڑی سے بڑی ٹیمیں چھ بولرز کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں۔ پاکستانی ٹیم سات بیٹسمین کھلاکر کیا کرلے گی؟ ادھوری بولنگ سے آپ اپنی حریف ٹیم کو 300 رنز بنانے کا موقع دے رہے ہیں جسے عبور کرنا پاکستانی ٹیم کے لیے مشکل ہورہا ہے۔مدثر نذر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گی لیکن زمبابوے کے خلاف اس کا اگلا میچ بہت اہم ہے۔

مدثر نذر نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کسی کام کی نہیں رہی۔ بائیو مکینک مشین طویل عرصے سے بند پڑی ہے اور جس نے بھی اس اکیڈمی کو بند کیا اس نے پاکستانی کرکٹ کے ساتھ ظلم کیا۔ آج دنیا میں کسی ملک کو کرکٹ اکیڈمی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ پاکستان ہے۔