سینئر اداکار محمو د خان کے انتقال کے بعد حکومت نے ان کے اہل خانہ کو لاوارث چھوڑدیا ،15ہزار ماہوار وظیفہ بھی بند

جمعرات 26 فروری 2015 12:27

سینئر اداکار محمو د خان کے انتقال کے بعد حکومت نے ان کے اہل خانہ کو لاوارث ..

لاہور (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015 )فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کے سینئر اداکار محمو د خان کے انتقال کے بعد حکومت نے ان کے اہل خانہ کو لاوارث چھوڑدیا ،15ہزار ماہوار وظیفہ بھی بند کردیا گیا ،محمو د خان کے لواحقین در بدر کی ٹھوکر یں کھانے پر مجبور ہو گئے جبکہ محمود خان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورمیں اس ظلم کی توقع نہیں تھی ۔

تفصیلات کے مطابق سینئر اداکار محمود خان کے آخری ایام میں حکومت پنجاب نے ان کیلئے 15ہزار ماہوار وظیفہ مقررکیاتھا ۔ لیکن ان کے انتقال کے بعد وظیفہ بھی بندکردیاگیا جس کے باعث محمود خان کے اہل خانہ دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔اس حوالے سے محمود خان کی بیوہ نے ”این این آئی“سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے شوہرنے 35سال تک ملک کی خدمت کی ،اپنے دکھوں کو بھلا کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر تے رہے ،ان کے انتقال کے بعد ہمیں جس طرح لاوارث چھوڑدیاگیا ہے اس سے لگتا ہے کہ جیسے میرے شوہر نے کوئی گناہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرے شوہر محمود خان کا 15ہزار ماہوار وظیفہ میرے نام منتقل کیاجائے تاکہ ہم گھر کا چولہا جلاسکیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے فنکاورں کی فلاح وبہبود کیلئے 2کروڑ روپے کے فنڈ مختص کیے تھے لیکن یہ پتہ نہیں وہ فنڈ کن خوش نصیبوں کومل رہے ہیں ،ہمیں صرف تسلیاں اور دلاسے دیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ میر ے شوہر کا مقرر کردہ وظیفہ میرے نام منتقل کیاجائے تاکہ زندگی کی دال روٹی کا سلسلہ چل سکے ۔مجھے امید ہے کہ خادم اعلیٰ اپنی بہن کی درخواست کو رد نہیں کریں گے ۔