پی ٹی اے نے موبائل فون سم کی تصدیق نہ کراسکنے والے صارفین کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا

جمعرات 26 فروری 2015 13:29

پی ٹی اے نے موبائل فون سم کی تصدیق نہ کراسکنے والے صارفین کی خوشیوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل فون سموں کی تصدیق کیلئے ڈیڈلائن میں توسیع کی تردیدکردی ہے اور واضح کیاہے کہ تین یا اس سے زیادہ سمیں رکھنے والے صارفین کی سمیں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات 12بجے تک تصدیق نہ ہونیوالی سمیں بند کردی جائیں گی لیکن دو یا اس سے کم سم رکھنے والے صارفین 13اپریل تک تصدیق کراسکیں گے ۔

نجی ٹی وی چینل ’اے آروائے ‘ نیوز کے مطابق پی ٹی اے کے ترجمان نے واضح کیاہے کہ بائیومیٹرک تصدیق کی ڈیڈلائن میں کوئی توسیع نہیں کی گئی ، رات 12بجے سے سموں کی بندش کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ یادرہے کہ موبائل سموں کی تصدیق کا پہلا مرحلہ 12جنوری سے شروع ہوکر 26فروری تک جاری رہا، دویااس سے کم سمیں رکھنے والے صارفین کی تصدیق کا مرحلہ 27فروری کو شروع ہوگاجو13اپریل تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ اب تک 6کروڑسموں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ایک کروڑ بے نام سمیں بلاک کردی گئی ہیں ۔ یادرہے کہ اس سے قبل کہاگیاتھاکہ تمام موبائل صارفین کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کی تاریخ بڑھا کر 14اپریل کردی گئی ہے اور یہ وجہ بتائی گئی تھی کہ پی ٹی اے نے 26 فروری تک 10 کروڑ سموں کی تصدیق کا ہدف حا صل کرنا تھا مگر مقررہ تاریخ تک صرف 5 کروڑ 3لاکھ سموں کی تصدیق ہی ہوسکی جس کے بعد ڈیڈ لائن 14 اپریل کر دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :