خیرپور، رات کے وقت پرائیویٹ اسپتالوں میں تالے پڑ گئے

جمعہ 27 فروری 2015 14:39

خیرپور (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) رات کے وقت پرائیویٹ اسپتالوں میں تالے پڑ گئے، سول اسپتال میں لیڈی ڈاکتر موجود نہیں، صبح تک انتظار میں بچہ ضائع ہوگیا، لیڈی ولیگڈن اسپتال ہوتی تو بچہ بچ جاتا۔ خیرپور کے سینئر تاجر انجمن تاجران کے رہنما عبداللطیف شمسی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ رات دیر سے ان کی بہو کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی وہ فوری طور پر لیڈی ڈاکٹر کے گھروں پر گئے مگر کسی بھی لیڈی ڈاکٹر نے دروازہ تک نہیں کھولا۔

ریڈ کریسنٹ گئے تو وہاں تالا لگا ہوا تھا، دوسرے پرائیویٹ اسپتال پہنچے تو وہ بھی رات میں بند تھا۔

(جاری ہے)

سول اسپتال گئے تو وہاں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے پر اپنی بہو کو نرسوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا اور کہاگیا کہ لیڈی ڈاکٹر صبح آئے گی جس کے باعث 4 ماہ کا حمل ضائع ہوگیا۔ تاجر عبداللطیف شمسی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر خیرپور اس کا نوٹس لیں کہ رات میں سول اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کیوں موجود نہیں تھی۔ عبداللطیف شمسی کا کہنا ہے کہ شہر میں ایک لیڈی ولیگڈن اسپتال تھا جسے مرمت کے نام پر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے پرنس مہدی رضا کے اس بیان کی حمایت کی کہ اگر محکمہ صحت لیڈی ولیگڈن اسپتال کو نہیں چلا سکتی تو پھر والی ریاست کو واپس کیا جائے تاکہ وہ اس کو چلانے کا بندوبست کرسکیں۔