سندھ سے سینیٹ کے (ن) لیگ کے واحد امیدوار سید ظفر علی شاہ نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے،

مسلم لیگ (ف) کے فقیر محمد بخش خاصخیلی بھی کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں ، مجموعی طور پر 26امیدوار میدان میں رہ گئے

جمعہ 27 فروری 2015 18:44

سندھ سے سینیٹ کے (ن) لیگ کے واحد امیدوار سید ظفر علی شاہ نے کاغذات نامزدگی ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) سندھ سے سینیٹ کے مسلم لیگ (ن) کے واحد امیدوار سید ظفر علی شاہ المعروف اللہ ڈنو شاہ نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں ۔اب مجموعی طور پر 11نشستوں کے لیے 26امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں ۔جمعہ کو سندھ سے جنرل نشست کے لیے مسلم لیگ (ن)کے نامزد امیدوار سید ظفر علی شاہ المعروف اللہ ڈنو شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے ۔

جبکہ جمعرات کو مسلم لیگ (فنکشنل) کے فقیر محمد بخش خاصخیلی بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں جو جنرل نشست پر امیدوار تھے ۔اب چھوٹی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے واحد امیدوار مسلم لیگ (فنکشنل)کے امام الدین شوقین ہیں جنہوں نے جنرل نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں ۔2 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس ہونے کے بعد اب مجموعی طور پر 26امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں اور 28فروری کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے ۔

(جاری ہے)

اس وقت 7جنرل نشستوں کے لیے 16امیدوار ہیں ،جن میں متحدہ قومی موومنٹ کے 8،پیپلزپارٹی کے 7اور مسلم لیگ (فنکشنل) کا ایک امیدوار شامل ہے ۔جبکہ خواتین کی دو نشستوں کے لیے 6امیدوار ہیں جن میں سے متحدہ قومی موومنٹ کی 4اور پیپلزپارٹی کی 2اور ٹیکنو کریٹس کی 2نشستوں کے لیے 4امیدوار میدان میں ہیں جن میں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے دو دو امیدوار ہیں ۔پیپلزپارٹی کے عبدالرحمن ملک کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں چیلنج کیے گئے ہیں جو جنرل اور ٹیکنوکریٹس کی نشست پر امیدوار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :