عرب بیوی نے مذاق مذاق میں بیچارے شوہر کی جان لے لی

جمعہ 27 فروری 2015 21:13

عرب بیوی نے مذاق مذاق میں بیچارے شوہر کی جان لے لی

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27فروری۔2015ء)مصر میں پیش آنے والے ایک عجیب و غریب واقعے میں ایک حاملہ خاتون نے اپنے محبوب شوہر کو مذاق ہی مذاق میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔اخبار ”الیوم السابے“ کے مطابق 20سالہ خاتون ہالہ طلعت نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ اور اس کا خاوند اٹکھیلیاںکر رہے تھے اور ایک دوسرے پر مختلف چیزیں پھینک رہے تھے کہ اسی دوران اس نے ازراہ مذاق اپنے خاوند کی طرف چاقو اچھال دیا۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے چاقو اس کے خاوند کے سینے میں پیوست ہو گیا جس کے باعث اس کی ہلاکت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون تین ماہ کی حاملہ ہے اور اس کے خاوند مصطفی جاد کی عمر 30 سال بتائی گئی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاوند سے شدید محبت کرتی تھی اور اس کی زندگی ختم کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی تھی۔ اس کا موقف ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ محض ایک حادثہ تھا۔ خاتون کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔