200 سے زائد تاجک اور ازبک شہریوں کو قومی شناختی کارڈز کا اجراء‘ نادرا کا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا

ہفتہ 28 فروری 2015 14:53

200 سے زائد تاجک اور ازبک شہریوں کو قومی شناختی کارڈز کا اجراء‘ نادرا ..

اسلام آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں ایک اور سکینڈل سامنے آگیا‘ سکینڈل میں 200 سے زائد قومی شناختی کارڈ ازبک اور تاجک شہریوں کو جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چیئرمین نادرا سے پوچھ گچھ کی گئی کہ کس طرح ازبکستان اور تاجکستان کے 200 سے زائد شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین کا کہنا تھا کہ معاملہ ابھی تک زیر تفتیش ہے اور اندازے کے مطابق ایک کارڈ ایشو کرنے کیلئے 2 لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی۔ کمیٹی نے چیئرمین نادرا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نادرا ابھی بھی افغان قومیت کے حامل افراد کو قومی شناختی کارڈ ایشو کررہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نادرا نے غیرملکیوں کو شناختی کارڈ ایشو کرنے کا معاملہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کے مختلف شعبوں کے 272 اہلکاروں کیخلاف ایکشن لیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے ڈپلی کیٹ کارڈ پکڑنے کی ٹیکنالوجی ہمارے پاس موجود ہے تاہم غیر ملکیوں کے حوالے سے ایسا نہیں ہے اور غیر ملکیوں کو کارڈز کے اجراء کے حوالے سے نادرا سنٹر انچارج ہی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ کمیٹی نے نادرا میں موجود کالی بھیڑوں پر نظر رکھنے کیلئے نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی میں شاہی سید نے افغان لڑکی مونا لیزا کو پشاور سے جعلی شناختی کارڈ کے اجراء پر حیرت کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :