پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ایک مرتبہ پھر نئے سفر کا آغاز کیا ہے ،رحمن ملک،

جمہوریت کے لیے آصف زرداری اور الطاف حسین کا کردار مثالی ہے،سیاست کو لوٹوں سے پاک کرنا ہوگا اور لوٹوں کا علاج بھی ضروری ہے،ایم کیو ایم کے علاوہ باقی تمام جماعتوں میں پیپلزپارٹی کے لوگ ہیں،صوبائی الیکشن کمیشن سندھ میں پی پی اور ایم کیو ایم کے متبادل امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی واپسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 فروری 2015 22:10

پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ایک مرتبہ پھر نئے سفر کا آغاز کیا ہے ،رحمن ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ایک مرتبہ پھر نئے سفر کا آغاز کیا ہے ۔جمہوریت کے لیے آصف علی زرداری اور الطاف حسین کا کردار مثالی ہے ۔سیاست کو لوٹوں سے پاک کرنا ہوگا اور لوٹوں کا علاج بھی ضروری ہے ۔ایم کیو ایم کے علاوہ باقی تمام جماعتوں میں پیپلزپارٹی کے لوگ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو صوبائی الیکشن کمیشن آف سندھ میں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے متبادل امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی واپسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے 4امیدوار ٹیکنوکریٹ پر پیپلزپارٹی کے فاروق حمید نائیک اور متحدہ قومی موومنٹ کے بیرسٹر محمد علی سیف ،خواتین کی نشستوں پر پیپلزپارٹی کی سسی پلیجو اور متحدہ قومی موومنٹ کی نگہت حنا مرزا بلامقابلہ کامیاب ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ جمہوریت کا ایک بہترین سفر ہے ۔جنرل نشستوں پر بات چیت جاری ہے ۔تاہم اس وقت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (فنکشنل)کے درمیان مقابلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوٹوں نے سیاست اور جمہوریت دونوں کو بدنام کیا ہے ۔ان علاج ضروری ہے ۔اگر ان کے معاملات حل نہیں ہوتے ہیں اور ان کا علاج نہیں کیا جاتا ہے تو پھر معاملات خراب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر جماعت میں پیپلزپارٹی کے گئے ہوئے لوگ موجود ہیں ۔

تاہم ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس میں پیپلزپارٹی کا کوئی آدمی نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مفروضوں اور وسوسوں پر بات نہیں کرنی چاہیے حقائق کو مدنظر رکھا جائے ۔میں سینیٹ کے چیئرمین کا امیدوار نہیں ہوں ۔جمہوریت کی بقاء اور سلامتی کے لیے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور الطاف حسین نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے اور پہل کی ہے اور یہ جمہوریت کے استحکام کے لیے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

میں بلامقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔متحدہ قومی موومنٹ کے حکومت میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابھی تو سفر کا آغاز ہوا ہے بات چیت چل رہی ہے اور امید ہے کہ جلد یہ معاملہ بھی حل ہوجائے گا ۔اس حوالے سے بھی مل بیٹھ کر باہمی اتفاق کے ساتھ معاملات کو حل کریں گے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ میں سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے جو مفاہمت کی ہے یہ اچھا اور پہلا قدم ہے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے مزید بہتری آئے گی اور دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات مزید بہتر ہوں گے ۔ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ جمہوریت کو استحکام دیا جائے اور سیاسی لوگوں کو کام کا موقع ملنا چاہیے ۔