پنجابی طالبان پنجاب حکومت کے چہیتے ہیں،فوج نہ ہوتی تو تاجر سیاستدان ملک بیچ کر کھا چکے ہوتے‘ صاحبزادہ حامد رضا

پیر 2 مارچ 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجابی طالبان پنجاب حکومت کے چہیتے ہیں،فوج نہ ہوتی تو تاجر سیاستدان ملک بیچ کر کھا چکے ہوتے، اہل حق نفاذ شریعت کیلئے بلٹ کے بجائے بیلٹ پر یقین رکھتے ہیں، دہشتگردی کی مخالف جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،تاجرانہ جمہوریت سے عوام نہیں صرف حکام کو فائدہ پہنچا ہے، عالمی گریٹ گیم کے تحت پاکستان کے حالات خراب کئے جارہے ہیں،بلوچستان اور کراچی کی بد امنی پاکستان دشمن عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے،کرکٹ بورڈمیں اوپر سے نیچے تک کرپشن ہے،کرکٹ کی سمجھ رکھنے والے کو کرکٹ کی باگ دوڑ دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں تنظیمات اہل سنت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اللہ نے حکمرانوں کو اقتدار دے کر ان سے عقل چھین لی ہے۔حکمرانوں کی غیر سنجیدگی قومی مسائل کی جڑ ہے۔طالبان فساد فی الارض کے مجرم ہیں۔بے گناہ کو قتل کرنا جنت نہیں جہنم کا راستہ ہے۔موت کے سوداگروں سے ہمدردی رکھنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

حکومت دہشتگردی میں ملوث مدارس کے نام قوم کے سامنے پیش کرے۔قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بے رحم احتساب کئے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔احتساب کا مئوثر نظام وضع نہ ہونا المیہ ہے۔ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے بے رحم قاتل مجاہد نہیں پاکستان کے غدار اور اسلام کے باغی ہیں۔جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کے سیاسی ونگ ہیں۔حکومت کے قیام کے ڈیڑھ سال بعد بھی وزیر خارجہ کا تقرر نہ ہونا حکومتی نا اہلی ہے۔

پر امن اور محب وطن اہل سنت کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائیوں سے انتشار پھیل رہاہے۔پنجاب حکومت پر امن علماء کی پکڑ دھکڑ سے حالات خراب کرنے پر تلی ہو ئی ہے۔ایمپلی فائر آرڈیننس میں لاؤڈ سپیکر پر درود و سلام پڑھنے کی پابندی واپس لینے کا دو ٹوک اعلان کیا جائے۔اتحاد اہل سنت وقت کی اہم ضرورت ہے۔یارسو ل اللہ ﷺکہنے والے نبی ﷺ ک جھنڈے تلے متحد ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :