اکمل، آفریدی کو 400 وکٹیں نہیں لینے دے گا، سعید اجمل

پیر 2 مارچ 2015 18:40

اکمل، آفریدی کو 400 وکٹیں نہیں لینے دے گا، سعید اجمل

کراچی: قومی ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ عمر اکمل شاہد آفریدی پاکستان کی 400 وکٹیں نہیں ہونے دے گا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے پاکستانی ٹیم کی جیت کو سراہا اور کہا کہ میچ میں پاکستانی باؤلنگ نے فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یاد رہے کہ مشکوک باؤلنگ ایکشن کے باعث میچ پریکٹس نہ ہونے کے سبب سعید اجمل نے ورلڈ کپ سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔

اجمل نے کہا کہ پاکستانی ٹیم فیلڈ میں جان مارتی ہوئی دکھائی دی اور ان میں جیت کے حصول کا جذبہ نظر آیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈنگ کے حوالے سے ازراہ مذاق کہا کہ لگتا ہے کہ عمر اکمل شاہد آفریدی کی 400 وکٹیں مکمل نہیں ہونے دے گا، وہ اب آفریدی کی گیند پر تین سے چار کیچز ڈراپ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر نے بھی ازراہِ مذاق کہا کہ عمر اکمل شاہد آفریدی کو ٹورنامنٹ میں کوئی وکٹ بھی نہیں لینے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگلے میچ میں ناصر جمشید کی جگہ سرفراز احمد کو کھلانا چاہیے کیونکہ ناصر جمشید کو ناصرف بیٹنگ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کی فیلڈنگ بھی بہت ناقص رہی۔ مایہ ناز آف اسپنر نے یاسر شاہ کو کھلانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم اسپنرز کو بہتر انداز میں کھیلتی ہے اور اگلا میچ چھوٹے گراؤنڈ پر ہے لہٰذا ٹیم کی باؤلنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔