صوبے کے کونے کونے میں چُھپے ہوئے دہشت گرد اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو ڈھونڈ کر ایک ایک کی گرفتاری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی،آئی ناصر خان دُرانی

پیر 2 مارچ 2015 19:38

صوبے کے کونے کونے میں چُھپے ہوئے دہشت گرد اور دیگر جرائم پیشہ افراد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2مارچ۔2015ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے کہا ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں چُھپے ہوئے دہشت گرد اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو ڈھونڈ کر ایک ایک کی گرفتاری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی۔یہ بات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے جوانوں میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

واضح رہے کہ صدر پولیس اسٹیشن ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو ڈی آئی خان جیل سے فرار شدہ مجرم اشتہاری الطاف ولد عبدالرشید سکنہ گاؤں بودھ کی موجود گی کی اطلاع ملی تھی۔ اسی اطلاع پر ایک چھاپہ مارا پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ جس نے چھاپہ مار کر مجرم اشتہاری الطاف اور ان کے ساتھی مقصود کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دو عدد کلاشنکوف، سات عدد میگزین اور 150 عدد کارتوس برآمد کئے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے انعام یافتہ گان کی پیشہ ورانہ کمیٹمنٹ، دلیری اور بروقت کاروائی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جس ہمت، دانشمندی اور بہادری کے ساتھ نبرد آزما ہے وہ ہر حوالے سے لائق تحسین اور سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ آئی جی پی نے واضح کیاکہ ایک مثالی اور پُرامن معاشرے کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو عوام کے ساتھ ملکرہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا اورفرائض کی ادائیگی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسروں و جوانوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی جاری رکھی جائیگی۔

اس موقع پر جن پولیس جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازاگیا۔ ان میں ہیڈ کانسٹیبلان محمد تحسین ، اختر منیر اور کانسٹیبلان حاجی شیر اکبر اور عقیل احمد شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :