قرآن مجید کتاب انقلاب ہے ‘ حافظ محمد ادریس

یہ محض تلاوت کے لیے نازل نہیں ہوا بلکہ یہ اسلامی معاشرے اور اسلامی ریاست کا دستور حیات ہے ، نائب امیرجماعت اسلامی

پیر 2 مارچ 2015 20:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء )نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ قرآن مجید کتاب انقلاب ہے یہ محض تلاوت کے لیے نازل نہیں ہوا بلکہ یہ اسلامی معاشرے اور اسلامی ریاست کا دستور حیات ہے ، اس ملک کی بنیاد بھی قرآن و سنت ہے ، پاکستان کامطلب کیا لاالہ الا اللہ کا نعرہ آج بھی بچے بچے کی زبان پر ہے، پاکستان دنیا کی راہنمائی اور قیادت کر رہا ہوتا اگر یہاں قرآن کا نظام نافذ ہوجاتا، بدقسمتی سے ہمارے حکمران کفار کی غلامی اپنا کر قرآن کے نظام عدل و انصاف سے دور بھاگتے ہیں، اللہ کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ اس پوری کائنات کا اور خود انسان کا خالق اللہ ہے، وہی مالک اور رازق ہے تو اس کا لازمی تقاضا ہے کہ دھرتی پر اور انسانوں کے اوپر قانون بھی اسی کا چلے گا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی لاہور کے تحت مدرسین قرآن کی چار روزہ تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ قرآن مجید کا نظام عام فہم انداز میں ملک کے ہر شہری تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ قرآن سراسر نور و ہدایت ہے اس کی تعلیم عام ہوگی تو ملک سے اندھیروں کا راج بھی ختم ہو جائے گا اور ظلم و ناانصافی کا بھی قلع قمع َہو جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان در اصل قرآن ہی کا پیغام ہے ۔ قرآن واضح طور پر بتاتاہے کہ بستیوں والے اللہ کے قانون کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے تو خالق و مالک آسمان سے بھی خزانوں کے منہ کھول دے گا اور زمین بھی اپنے خزانے اگل دے گی ۔ اجلاس سے پروفیسر اختر عزمی اور نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں محمد رفیع نے بھی خطاب کیا ۔