پنجاب حکو مت قومی ایکشن پلان پر عمل کی بجائے اسے ناکام بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے،قومی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے ‘ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،

حکمرانوں نے ہمارے خلاف دہشت گردوں سے اتحاد کر لیا،باقاعدہ سازش کے تحت ہمارے نوجوانوں اور فعال عہدیداروں کو فورتھ شیڈول میں شامل کر کے انکو گرفتاراورہر اساں کیا جا رہا ہے ‘ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان

پیر 2 مارچ 2015 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ہمارے خلاف دہشت گردوں سے اتحاد کر لیاہے اورباقاعدہ سازش کے تحت ہمارے نوجوانوں اور فعال عہدیداروں کو فورتھ شیڈول میں شامل کر کے انکو گرفتاراورہر اساں کیا جا رہا ہے ‘پنجاب حکو مت قومی ایکشن پلان پر عمل کی بجائے اسکو ناکام بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے،قومی اداروں کو اسکانوٹس لینا چاہیے ۔

وہ اپنے دفتر میں شاعر اہلبیت  شوکت رضا شوکت کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے ذاکرین کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر سر براہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھکر،دریا خان،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ کمالیہ،شورکوٹ،رحیم یارخان،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،چنیوٹ،سرگودھا،راولپنڈی سمیت دیگراضلا ع میں کارکنوں اور فعال عہدیداروں کی گر فتار یوں اورانکوہر اساں کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر نے کی بجائے پر امن لوگوں کو گرفتار کر رہے ہیں جو اصل میں قومی ایکشن پلان کے خلاف بھی سازش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ایک بار پھر دہشت گردوں اور حکمرانوں نے ہمارے خلاف اتحاد کر لیا ہے،ایک طرف تو دہشت گرد ہماری مساجد و امام بارگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ‘ہمارے چنیدہ افراد اور فعال نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے،بہت سوں کو ناجائز طور پر فورتھ شیڈول جو دہشت گردوں کیلئے قانون ہے اس کا شکار کیا جا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ سادات و غیر سادات کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پائمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں،چھاپے ،خوف وہراس کی صورتحال سے مکتب تشیع میں حکمرانوں کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے‘ ملت تشیع کو بلا جرم و خطا دہشت گردوں کے ساتھ ایک ہی صف میں کھڑا کرنے کی سازش دراصل آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کو ناکام کرنے کی مجرمانہ سازش ہے جبکہ دوسری طرف صورتحال یہ ہے جن کی گرفتاریاں مقصود ہیں جو قتل و غارتگری کے سرپرست ہیں انہیں پنجاب پولیس کی ایلیٹ فورس کے دستے اپنی حفاظت میں ملک کے کونے کونے میں دورے کرواتے ہیں ‘ ہم ظلم کے آگے جھکنے والے نہیں ،ہر روز ہمارے گھروں سے جنازے اُٹھتے ہیں ،ہمیں پتہ ہے ہمارا جرم کیا ہے،ہماراجرم دہشت گردوں کے خلاف آواز اُٹھانا اور مظلوموں کی حمایت کرنا ہے،ہمارا جرم حب الوطنی، اتحاد بین المسلمین اور قومی وحدت کے لئے میدان میں آنا ہے،اور ہم اس عمل کو جاری رکھیں گے،علامہ راجہ ناصر عباس نے ذاکرین عظام پر زور دیا کہ وہ ممبر سے اتحاد امت اور قومی وحدت کا درس دیں ،دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور عوام کو ان سازشوں سے آگاہی دیں،شاعر اہلیبت شوکت رضا شوکت نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو یقین دلایا کہ ملک بھر کے ذاکرین آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے ہر حکم پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :