نابینا افراد کے مطالبات مان لئے‘31مارچ تک وعدے پورے کریں گے‘ سید زعیم حسین قادری،

دو روز میں ایڈہاک نابینا ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش ‘ کوٹہ ایک فیصد بڑھایا جائے گا‘ ترجمان پنجاب حکومت

پیر 2 مارچ 2015 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے نابینا افراد کے مطالبات مان لئے ہیں،31مارچ تک تمام وعدے پورے کر دیں گے، دو روز میں ایڈہاک نابینا ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش ‘ کوٹہ ایک فیصد بڑھایا جائے گا۔ نابینا افراد سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ ملازمتوں پر پابندی کا اطلاق نابینا افراد پر نہیں ہو گا۔

نابینا افراد کے کوٹے سے متعلق ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نابینا افراد کے لئے سفارشات تیار کر رہی ہے۔انہوں نے نے پی ٹی آئی کے ترجمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سپیشل افراد کو معاشرے میں قابل قدر مقام دلانے کے لئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے لئے یہ افراد نابینا ہوں گے۔

ہمارے لئے تو پیارے پاکستانی بھائی ہیں۔ ہم نے پہلے بھی ان کے مطالبات تسلیم کئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے ان کا کوٹہ بڑھایا تھا۔ حکومت پنجاب نے نابینا افراد کے لئے کوٹہ تین فیصد تک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں انہوں نے سپیشل افراد خاص طور پر نابینا افراد کو کیا مراعات دی ہیں۔ کے پی کے میں بصارت سے محروم افراد سمیت سپیشل افراد سے بے اعتنائی کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان کسی ڈکٹیٹر سے کم نہیں۔ پی ٹی آئی کو ان کی آمرانہ سوچ نے ہائی جیک کیا ہے۔ تحریک انصاف کے عہدیدار عمران خان کے آمرانہ رویے سے نالاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :