کارکنان کی گرفتاریاں ، ٹارگٹ کلنگ اور ماورائے عدالت ہلاکتیں 23سال سے جاری سازشوں کا تسلسل ہے،نوید قائم خانی

پیر 2 مارچ 2015 20:18

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا مقصد ملک بھر کی اٹھانوے فیصد عوام کو انکے حقوق سے محروم کرنا ہے ۔ کارکنان کی گرفتاریاں ، ٹارگٹ کلنگ اور ماورائے عدالت ہلاکتیں ایم کیوایم کے خلاف گزشتہ 23سال سے جاری سازشوں کا تسلسل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی نے یونٹ 1-Cمیں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ موجود رکن زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ نے بھی اجلاس کے شرکاء سے اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوران درحقیقت جرائم پیشہ افراد سب سے زیادہ محفوظ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ امن پسند شہری بالعموم اور ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان کو بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کالعدم تنظیموں کی جانب سے دو طرفہ نشانہ بنایا جا رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا دن نہیں گذررہا کہ جب ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو گرفتار ، ماورائے عدالت قتل یا ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ نہ بنایا جاتا ہو۔تمام تر ظلم و ستم کے باوجود ایم کیوایم کی جانب سے اپنے کارکنان کو پر امن رہنے کی اپیل کی جارہی ہے ۔ جس کا مقصد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہ ظلم اور جبر کے ذریعے ایم کیوایم کا خاتمہ کرنے کا خواب دیکھنے والی قوتوں کو ماضی میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اب بھی ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی تمام تر سازشیں ناکامی سے دوچار ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :