ٹنڈومحمدخان، انجمن اتحاد بلوچاں کے زیر اہتمام دو مارچ ثقافتی ڈے کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی

پیر 2 مارچ 2015 21:07

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) انجمن اتحاد بلوچاں کے زیر اہتمام دو مارچ ثقافتی ڈے کے سلسلے میں ضلعی صدر اعجاز علی بلوچ ، وحید بلوچ ، امتیاز رند ، میرپور خاص کے صدر منور نوہانی کی زیر قیادت اسٹیشن روڈ سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور بلوچی ترانوں پر والہانہ رقص کررہے تھے ، اس موقع پر پریس کلب ٹنڈومحمدخان کے سامنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بلوچ قوم ایک باشعور قوم ہے جس نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردا ر ادا کیا ، لیکن آج بلوچوں کو ان کے جائز حقو ق نہیں دیئے جارہے جس کے باوجود بلوچ قوم آج بھی ملک کے تمام علاقوں میں اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں ، وقت کی ضرورت ہے کہ بلوچ قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے اور اپنے جائز حقوق کی جدوجہد کرے ، انہوں نے کہاکہ بلوچوں کا اتحاد ہی ان کی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے ، بلوچ قوم کو چاہیے کہ وہ اپنے ثقافتی دن جو ش و خروش و جذبے سے منائے اور دنیا کو ثابت کردے کہ بلوچ قوم ایک باشعور قوم ہے ۔