2015ء کو پاک چائنہ اقتصادی تعاون کے آغاز کے طور پر منایا جا رہا ہے،پاک چین دوستی نئے دور میں داخل ہوگی‘ شہباز شریف

پاکستان اور چین کے مابین دوستی کے مضبوط رشتے سودمند معاشی تعلقات میں بدل چکے ،اربوں ڈالر کے معاہدوں سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ملکو ں میں بڑھتے معاشی تعلقات کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے ‘وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ، پاکستان کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، چینی لیڈرشپ پاکستان کی موجودہ قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے‘ چینی قونصل جنرل

پیر 2 مارچ 2015 21:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور میں تعینات چین کے پہلے قونصل جنرل یو بورن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ہے۔

چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور پاک چین دوستی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے۔ چین کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،شہد سے میٹھی،فولاد سے زیادہ مضبوط اور سمندر سے زیادہ گہری ہے۔چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں پاک چین تعلقات کے نئے باب کھلے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین دوستی کے مضبوط رشتے سودمند معاشی تعلقات میں بدل چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ملکو ں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ،جس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سال2015ء کو پاک چائنہ اقتصادی تعاون کے آغاز کے طور پر منایا جا رہا ہے جس سے بلاشبہ پاکستان اورچین کی دوستی نئے دور میں داخل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اربوں ڈالر کے معاہدے کئے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے مابین معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے محنت اور جدوجہد کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں اورچین دنیا کی ایک بہت بڑی معاشی قوت بن چکاہے۔اقوام عالم کیلئے چین کی تیزرفتار ترقی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چین کے قونصل جنرل یو بورن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور چین کی لیڈرشپ پاکستان کی موجودہ قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔