لیزر لیول کے حصول کیلئے ایک لاکھ دینے پڑے ‘ حکومتی رکن میاں طاہرکا اسمبلی میں انکشاف،

معزز رکن کامحکمے کو رشوت دینا ثابت ہو گیا تو مجھے وزارت پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہوگا ،میں استعفیٰ دیدوں گا ‘ وزیر زراعت، افسوس رکن اسمبلی خود رشوت دینے کا اعتراف کر رہے ہیں ،تحریری طو رپر آگاہ کریں سخت کارروائی کی جائیگی‘ ڈاکٹر فرخ جاوید، قائمقام اسپیکر سردار شیر علی گورچانی نے وزیر زراعت کو انکوائری کر کے رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی

پیر 2 مارچ 2015 23:36

لیزر لیول کے حصول کیلئے ایک لاکھ دینے پڑے ‘ حکومتی رکن میاں طاہرکا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن اسمبلی میاں طاہر نے انکشاف کیا ہے کہ لیزر لیول کے حصول کیلئے ایک لاکھ روپے دینے پڑے جبکہ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ معزز رکن نے کہا ہے کہ انہوں نے رشوت دی ہے اگر یہ ثابت ہو گیا تو مجھے وزارت پر رہنے کا کوئی حق نہیں ، قائمقام اسپیکر سردار شیر علی گورچانی نے وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کو انکوائری کر کے رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔

گزشتہ روز ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ علی جاوید کاشتکاروں کو ٹریکٹر اور لیزر لیول میرٹ پر دینے کے حوالے سے بات کر رہے تھے کہ اسی دوران حکومتی رکن میاں طاہر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر اور لیول لیزر میرٹ پر نہیں مل رہے ، میں نے خود لیزر لیول ایک لاکھ روپے دے کر لیا ہے جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ زراعت سبسڈی دیتا ہے اور باقی رقم ادا کرنا پڑتی ہے جس پر رکن اسمبلی نے کہا کہ ایک لاکھ روپے دینے کے بعد لیا ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ افسوس رکن اسمبلی خود رشوت دینے کا اعتراف کر رہے ہیں ۔ محکمہ زراعت کے ملازمین تو اراکین اسمبلی سے ڈرتے ہیں حیران کن بات ہے کہ آپ سے رشوت لی گئی آپ تحریری طو رپر آگاہ کریں سخت کارروائی کی جائے گی جس پر قائمقام اسپیکر نے کہا کہ یہ معاملہ ایوان میں آ گیا ہے آ پ اس پر انکوائری کر ایوان کو رپورٹ سے آگاہ کریں۔صوبائی وزیر زراعت نے زراعت پر عام بحث سمیٹنے کے دوران اس بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معزز رکن نے کہا ہے کہ انہوں نے رشوت دی ہے اگر معزز رکن کا محکمے کو رشوت دینا ثابت ہو گیا تو پھر مجھے وزارت پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہوگااور میں استعفیٰ دیدوں گا۔

متعلقہ عنوان :