ورلڈ کپ2015ء :جنوبی افریقہ نے آئر لینڈ کو 201رنز سے شکست دیدی

منگل 3 مارچ 2015 15:59

ورلڈ کپ2015ء :جنوبی افریقہ نے آئر لینڈ کو 201رنز سے شکست دیدی

کینبرا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 3مارچ ۔2015ء ) آئی سی سی ورلڈ کپ2015ء کے 24ویں میچ میں جنو بی افریقہ نے آئر لینڈ کو201رنز سے شکست دیدی ۔ منوکا اوول ،کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 411رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ڈی کوک 1رن بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈو پلیسی اور ہاشم آملا نے دوسری وکٹ کے لیے 247رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران ہاشم آملانے اپنے کیریئر کی 20ویں اور ڈوپلیسی نے چوتھی سنچری سکور کی ۔

آملا 159اور ڈوپلیسی 109رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اے بی ڈیویلیئز بھی 24رنز بنا کر پوویلن لوٹ گئے تاہم روسوو اور ملر نے 5ویں وکٹ کی شراکت میں محض 53گیندوں میں 110رنز بنا کر جنوبی افریقہ کا سکور 411رنز کر دیا ۔

(جاری ہے)

روسوو 61اور ملر 46رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آئرلینڈ کی جانب سے میک برائن نے 2جبکہ سورسمین اور کیون اوبرائن نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ آئر لینڈ کیخلاف 400رنز بنا کرجنوبی افریقہ مسلسل دو میچز میں حریف ٹیموں کیخلاف چار سو رنز بنانے والے دنیا کی واحد ٹیم بن گئی ہے جبکہ پروٹیز ٹیم نے بھارت کا ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 5مرتبہ 400رنز بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے ۔

412رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم کا کوئی بلے باز جنو بی افریقہ کا ڈٹ کرمقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 45اوورز میں 210رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ، آئر لینڈ کی جانب سے بالبرائن 58اور کیون اوبرائن 48رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کا ئل ایبٹ نے 4،مورنے مورکل نے 3، ڈیل سٹین نے 2اور ڈیویلیئرز نے 1کھلاڑی کو آؤ ٹ کیا ۔ پروٹیز اوپنر ہاشم آملا کو شاندار سنچری سکور کر کے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

اس میچ میں شکست کے بعد آئرلینڈ کی کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کی امیدیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں کیونکہ 201 رنز سے ہارنے کے بعد ان کا رن ریٹ انتہائی کم ہو گیا ہے جو یقیناً تشویشناک بات ہے۔ اب پاکستان بدھ کو متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر اپنا رن ریٹ بہتر بنا لے گی تو دوسری جانب آئرلینڈ کو اپنے دونوں میچ زمبابوے اور پاکستان جیسے مشکل حریفوں سے کھیلنے ہیں اور انہیں دونوں ہی میچوں میں فتح کی ضرورت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :