Live Updates

ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مقتول کارکن کے مقدمے کی سماعت کرنیوالی انسداد دہشتگردی عدالت کو کیس پر مزید کارروائی سے روک دیا

نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب ،مزید سماعت 16مارچ تک ملتوی

منگل 3 مارچ 2015 16:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) لاہور ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت کو تحریک انصاف کے فیصل آباد میں قتل ہونے والے کارکن حق نواز کے کیس پر مزید کاروائی سے روکتے ہوئے نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار عطاء محمد نے فاضل عدالت میں موقف اپنایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے حکومتی دباؤ پر حق نواز کے مقدمے میں نامزد وزراء اور اعلی شخصیات کے نام نکال دئیے ہیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت کو مزید کارروائی سے روکتے ہوئے غیرجانبدار نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ فاضل عدالت نے فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کو مزید کاروائی سے روکتے ہوئے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرکے سماعت 16مارچ تک ملتوی کر دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات