پروفیسر ساجد میر کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کل تک ملتوی

منگل 3 مارچ 2015 16:40

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) لاہور ہائیکورٹ نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کل بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ساجد میر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ہونے کے باوجود (ن) لیگ کی نشست سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اوران کا یہ اقدام آئین پاکستان اور پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

مزید موقف اپنایا گیا کہ ساجد میر پی ایچ ڈی نہ ہونے کے باوجود اپنے نام کے ساتھ غیر قانونی طور پر پروفیسر لکھتے ہیں،ساجد میر عالم کا تجربہ رکھتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے شرعی قوانین کے حوالے سے سینیٹ میں قانون سازی میں اپنا کردار ادا کیا لہٰذا وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ساجد میر آئین کے آرٹیکل 62اور63پر پورا نہیں اترتے لہٰذاانکے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔سماعت کے دوران ساجد میر کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :